بلے بازوں کو وکٹ پر درپیش مختلف چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار کر رہے ہیں،بیٹنگ کوچ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مائیکل سمتھ کا کہنا ہے کہ وہ بلے بازوں کو وکٹ پر درپیش مختلف چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار کر رہے ہیں، جبکہ بیٹنگ لائن میں وسعت اور مضبوطی لانے کے لیے ہر بیٹنگ پوزیشن پر مختلف آپشنز تیار کیے جائیں گے

لاہور۔16اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مائیکل سمتھ کا کہنا ہے کہ وہ بلے بازوں کو وکٹ پر درپیش مختلف چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار کر رہے ہیں، جبکہ بیٹنگ لائن میں وسعت اور مضبوطی لانے کے لیے ہر بیٹنگ پوزیشن پر مختلف آپشنز تیار کیے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مائیکل سمتھ نے کہا کہ اتوار سے شروع ہونے والی ٹرائی سیریز قومی ٹیم کے ساتھ ان کی تیسری سیریز ہوگی۔ وہ لیول فور کوچ ہونے کے ساتھ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کا مقصد ٹرائی سیریز سے لے کر مستقبل میں ہونے والی تمام سیریز تک جیت کی سوچ کے ساتھ کرکٹ کھیلنا ہے۔

اس مقصد کے لیے بیٹنگ لائن کو مضبوط بنانے اور ہر پوزیشن کے لیے متبادل کھلاڑی تیار کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ مختلف میچوں اور حالات میں بہتر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔ پاکستانی بیٹنگ کوچ کا کہنا تھا کہ ٹی 20 سیریز کے دوران وکٹیں تیز رفتار اور بائونس والی تھیں۔ ایسی وکٹوں پر کھیلنے کا تجربہ ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاری میں بھی مددگار ثابت ہوگا، جہاں بلے بازوں کو مختلف نوعیت کی پچز اور بائونس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی کافی پرجوش ہیں اور ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی نئے کھلاڑیوں کو سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں میں بہتری لانے میں مدد دے رہے ہیں۔ ٹیم میں موجود باہمی تعاون اور سیکھنے کے عمل سے کھلاڑیوں کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں مدد ملے گی۔