سعودی ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ، عملے کے دو ارکان جاں بحق

سعودی ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ، عملے کے دو ارکان جاں بحق

ریاض ۔18اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کے علاقے نجران میں ایک اے ایچ سِکس آئی ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں عملے کے دو ارکان جاں بحق ہوگئے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحادی فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ہیلی کاپٹر اس علاقے میں گر کر تباہ ہوا جو سعودی وزارتِ نیشنل گارڈ کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔

نجران کا جنوب مغربی علاقہ حالیہ ہفتوں کے دوران ایران سے منسلک حوثیوں کے حملوں کی زد میں رہا ہے۔ جبکہ سعودی اتحاد اور یمن میں حوثیوں کے درمیان لڑائی میں شدت آئی ہے۔

دریں اثنا سعودی اتحاد کے ترجمان نے ریاض اور سعودی عرب کے مشرقی علاقوں میں کئی ڈرون حملے ناکام بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ جبکہ ان کے مطابق خميس مشيط کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائل مار گرائے گئے ہیں۔