کینیڈا کے فوجی اڈے پر آتشزدگی
کینیڈا کے فوجی اڈے پر آتشزدگی

مزید خبریں
اٹاوہ۔18اکتوبر (اے پی پی):کینیڈا کے صوبے البرٹا میں ایک فوجی اڈے پر آتشزدگی کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں تاہم کینیڈین وزیرِ دفاع نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔بی بی سی کے مطابق کینیڈا کے وزیرِ دفاع ڈیوڈ میک گنٹی نے کہا کہ کینیڈین مسلح افواج آگ پر قابو پانے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں اور اس کی وجوہات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے صورتحال کو انتہائی متحرک اور نازک قرار دیا ہے۔کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی نے ایکس پر کہا کہ ایک سنگین واقعہ پیش آیا ہے جس کے باعث بڑی آگ بھڑک اٹھی ۔
انہوں نے متاثرہ افراد کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا ۔کینیڈین فوجی اڈہ ’وینرائٹ‘ ملک کے سب سے مصروف فوجی تربیتی مراکز میں سے ایک ہے۔کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (سی بی سی)کے مطابق یہ فائرنگ کی مشقوں کے لیے مرکزی اڈہ ہے۔ سی بی سی کے مطابق عام دنوں میں وہاں تقریباً 690 فوجی اہلکار اور 300 سویلین کارکن موجود ہوتے ہیں۔وینرائٹ کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہفتہ کو لگنے والی آگ ہواؤں کے باعث تیزی سے پھیل گئی اور اڈے کی باڑوں کو بھی عبور کر گئی۔البرٹا کی وزیرِ اعلیٰ ڈینیئل سمتھ نے کہا کہ یہ بڑا اور افسوس ناک واقعہ صوبے کے بہت سے بہادر فوجی اہلکاروں کو متاثر کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال سے نمٹنے اور اس کی تحقیقات کے سلسلے میں صوبائی حکام وفاقی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔یہ واضح نہیں کہ آگ کب بھڑکی، تاہم ضلعی انتظامیہ نے پہلی بار مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 5:30 بجے اس واقعے کے بارے میں اطلاع دی تھی۔مقامی حکام نے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے سے دور رہیں اور تمام ہنگامی امدادی گاڑیوں کو راستہ دیں۔








