نیشنل بینک آف پاکستان کا ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیم دوبارہ قائم کرنے کا فیصلہ
نیشنل بینک آف پاکستان کا ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیم دوبارہ قائم کرنے کا فیصلہ

مزید خبریں
لاہور۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی کی کوششوں میں ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی)نے اپنی ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیم دوبارہ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس قدم کو قومی کھیل کی ادارہ جاتی سرپرستی کی بحالی کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ فیصلہ پاکستان کی ہاکی برادری، بالخصوص ان باصلاحیت اور جوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی خوش آئند ہے جو روزگار کے پائیدار مواقع اور اعلی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے پلیٹ فارم کے منتظر تھے۔ کھلاڑیوں کی بھرتی کا عمل فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے جبکہ نیشنل بینک کی ہاکی ٹیم آنے والے قومی کھیلوں (نیشنل گیمز) میں بھی حصہ لے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس مثبت اقدام کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ایک بڑے قومی ادارے کی ڈیپارٹمنٹل ہاکی میں واپسی سے ملکی ہاکی کے ڈھانچے کو استحکام ملے گا، کھلاڑیوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور کھیل کی دیرپا بحالی میں مدد ملے گی۔نیشنل بینک آف پاکستان نے ماضی میں بھی ہاکی کے فروغ اور کھلاڑیوں کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی۔ بینک کے اس فیصلے سے توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ دیگر سرکاری و نجی ادارے بھی کھیلوں میں سرمایہ کاری کریں گے اور قومی صلاحیتوں کی سرپرستی کے لیے آگے آئیں گے۔
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن، محی الدین احمد وانی نے اس فیصلے کو پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے ایک مثبت اور بر وقت قدم قرار دیا۔ انہوں نے ہاکی کے فروغ اور کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے پر نیشنل بینک آف پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیپارٹمنٹل ہاکی کی بحالی کھلاڑیوں کے مالی تحفظ، قومی سطح پر مقابلے کی فضا کو مضبوط بنانے اور مستقبل کے قومی کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے بے حد ضروری ہے۔
پی ایچ ایفنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ مل کر مرد و خواتین ہاکی کھلاڑیوں کے لیے مواقع میں اضافہ کرے گی تاکہ عالمی ہاکی میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکے۔یہ فیصلہ ادارہ جاتی تعاون، روزگار کے مواقع اور فعال ملکی ہاکی کے ذریعے پاکستان میں ہاکی کی دوبارہ تعمیرِ نو کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔








