بلی جین کنگ کپ ایشیا /اوشیانا گروپ تھری کےلئے شریک ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری
بلی جین کنگ کپ ایشیا /اوشیانا گروپ تھری کےلئے شریک ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):بلی جین کنگ کپ ایشیا/اوشیانا گروپ تھری کے لیے شریک ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ بین الاقوامی ویمنز ٹیم ٹینس چیمپئن شپ 21 سے 24 اکتوبر 2026 تک پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو، اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ پاکستان کی ٹینس تاریخ میں پہلی مرتبہ اس معتبر بین الاقوامی خواتین کی ٹیم ٹینس چیمپئن شپ کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے۔
مالدیپ اور ایران کے بعد کویت کی قومی ٹینس ٹیم بھی چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ اس ایونٹ میں خطے کے مختلف ممالک کی خواتین ٹینس کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔اس ایونٹ میں مجموعی طور پر آٹھ ممالک بحرین، بھوٹان، ایران، اردن، کویت، مالدیپ، پاکستان اور قطر کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر ایسام الحق قریشی اور سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل نے پی ٹی ایف انتظامیہ کے ہمراہ شریک ٹیموں کے وفود کا استقبال کیا اور پاکستان میں پہلی مرتبہ اس چیمپئن شپ کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پی ٹی ایف کی قیادت نے کہا کہ اس معتبر بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی پاکستان میں ٹینس، بالخصوص خواتین کی ٹینس کے فروغ کے لیے ملک کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ایونٹ بین الاقوامی کھیلوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر بین الاقوامی کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے کے قیمتی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن تمام شریک ٹیموں، آفیشلز اور وفود کے استقبال اور چیمپئن شپ کے کامیاب اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں جامع انتظامات کر رہی ہے۔بلی جین کنگ کپ کی میزبانی پاکستان کی ٹینس تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان بین الاقوامی ٹینس مقابلوں کے کامیاب انعقاد کی صلاحیت میں مسلسل ترقی کر رہا ہے۔








