اولمپک چیمپئن تامیرات ٹولاکا بیجنگ میراتھن میں نیا کورس ریکارڈ، ایتھوپیا کی شاندار کامیابی

اولمپک چیمپئن تامیرات ٹولاکا بیجنگ میراتھن میں نیا کورس ریکارڈ، ایتھوپیا کی شاندار کامیابی

بیجنگ۔18اکتوبر (اے پی پی):ایتھوپیا کے اولمپک چیمپئن تامیرات ٹولا نے 2026 بیجنگ میراتھن جیت کر نیا کورس ریکارڈ قائم کر دیا۔شنہوا کے مطابق ایتھوپیا کے اولمپک چیمپئن تامیرات ٹولا نے بیجنگ میراتھن 2026 میں 42.195 کلومیٹر کا فاصلہ 2 گھنٹے 3 منٹ 10 سیکنڈ میں طے کرکے سابقہ ریکارڈ میں تقریباً 4 منٹ کی بہتری لاتے ہوئے شاندار فتح حاصل کر لی ہے اور گزشتہ کورس ریکارڈ تقریباً 4 منٹ سے توڑ دیا ہے۔

اس سے قبل بیجنگ میراتھن کا ریکارڈ کینیا کے میتھیو کپکوئچ کسوریو کے پاس تھا جنہوں نے 2019 میں 2:07:06 کا وقت درج کروایا تھا۔ اس دوڑ میں ایتھوپیا کے رنرز نے تینوں پوزیشنز اپنے نام کیں، جہاں مختار ادریس نے 2 گھنٹے 4 منٹ 34 سیکنڈ کے ساتھ دوسری جبکہ ادانے کبیدے گبرے نے 2 گھنٹے 5 منٹ 10 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 35 سالہ تامیرات ٹولا اس سے قبل 2024 پیرس اولمپکس میں بھی گولڈ میڈل حاصل کر چکے ہیں۔

خواتین کی میراتھن میں ایتھوپیا کی اینچینالو ڈیسی جینانے نے 2 گھنٹے 20 منٹ 36 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے اپنا اعزاز برقرار رکھا۔منتظمین کے مطابق اس سال بیجنگ میراتھن میں شرکت کے لیے 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی، تاہم شرکا کی تعداد 32 ہزار تک محدود رکھی گئی۔ دوڑ کا آغاز تیانانمن اسکوائر سے ہوا اور اختتام بیجنگ اولمپک پارک میں ہوا۔