طالبات کو بہترتعلیمی ماحول اورضروری سہولیات کی فراہمی کے لیےمحکمہ تعلیم باہمی تعاون سے اقدامات کر رہے ہیں،ڈپٹی کمشنر

ڈپٹی کمشنر قلات انجینئرعائشہ زہری نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار احمد نورزئی کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول قلات کا دورہ کیا، جہاں ہیڈ مسٹریس یاسمین شاہوانی نے انہیں سکول میں دستیاب تعلیمی سہولیات، درپیش مسائل اور دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی

کوئٹہ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قلات انجینئرعائشہ زہری نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار احمد نورزئی کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول قلات کا دورہ کیا، جہاں ہیڈ مسٹریس یاسمین شاہوانی نے انہیں سکول میں دستیاب تعلیمی سہولیات، درپیش مسائل اور دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نیاسکول کے خستہ حال کمروں کا معائنہ بھی کیاڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے سکول میں قائم محکمہ تعلیم کے بک اسٹور کا بھی جائزہ لیا اور وہاں موجود سہولیات کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے سکول کے خستہ حال کمروں کی مرمت، بک اسٹور کی توسیع اور طالبات کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے کمروں کی تعمیر کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بہتری لانا اور تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم باہمی تعاون سے اقدامات کر رہے ہیں، تاکہ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔