پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار اور 6 مرتبہ کی گرینڈ سلام چیمپئن آئیگا سویٹیک ران کی انجری کے باعث ننگبو اوپن سے دستبردار ہو گئی ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی ڈبلیو ٹی اے فائنلز کے لئے کوالیفائی کرنے کی امیدیں بھی ختم ہو گئی ہیں۔ای ایس پی این کے مطابق 25 سالہ آئیگا سویٹیک نے بیان میں کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے بائیں ران میں تکلیف کا …
ران کی انجری کے باعث آئیگا سویٹیک کا سیزن ختم ، ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں شرکت کا خواب بھی ٹوٹ گیا

مزید خبریں
بیجنگ۔21اکتوبر (اے پی پی):پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار اور 6 مرتبہ کی گرینڈ سلام چیمپئن آئیگا سویٹیک ران کی انجری کے باعث ننگبو اوپن سے دستبردار ہو گئی ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی ڈبلیو ٹی اے فائنلز کے لئے کوالیفائی کرنے کی امیدیں بھی ختم ہو گئی ہیں۔ای ایس پی این کے مطابق 25 سالہ آئیگا سویٹیک نے بیان میں کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے بائیں ران میں تکلیف کا سامنا ہے، اس لئے مکمل آرام اور صحت یابی کے لئے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔
وہ گزشتہ ہفتے وہان اوپن کے سیمی فائنل میں بھی انجری سے متاثر ہوئیں، جہاں انہیں ہم وطن مایا خوالنسکا کے ہاتھوں سٹریٹ سیٹس میں شکست ہوئی تھی۔ آئیگا سویٹیک کو ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں جگہ بنانے کے لئے ننگبو اوپن کے کم از کم کوارٹر فائنل تک پہنچنا ضروری تھا، تاہم دستبرداری کے بعد وہ رواں سال سیزن کے اختتامی مقابلے میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔
وہ 2021 سے مسلسل اس ایونٹ میں شریک ہوتی رہی ہیں اور 2023 میں ٹائٹل بھی جیت چکی ہیں۔سابق عالمی نمبر ون کھلاڑی نے رواں سیزن میں 39 میچ جیتے اور 15 میں شکست کھائی جبکہ کینیڈین اوپن کی صورت میں صرف ایک ٹائٹل اپنے نام کیا۔ وہ رواں سال چاروں گرینڈ سلام ٹورنامنٹس میں کوارٹر فائنل سے آگے نہ بڑھ سکیں۔ ان کی آخری گرینڈ سلام کامیابی گزشتہ سال ومبلڈن اوپن میں تھی جبکہ عالمی درجہ بندی میں وہ نویں نمبر پر چلی گئی ہیں۔
آئیگا سویٹیک نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں رواں سیزن کو اپنے کیریئر کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل مقابلوں اور چیلنجز کے باعث انہیں مکمل آرام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صحت یابی کے بعد وہ نئے عزم اور جذبے کے ساتھ کورٹ میں واپس آئیں گی۔







