ملک جمخانہ کلب نے ڈی سی اے انٹر کلب ٹی 20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں گل کلب کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فاتح ٹیم کے سعد مسعود نے ناقابل شکست 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا، گل کلب کے کپتان ناصر نواز ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ایوب نیشنل پارک کرکٹ گراؤنڈ میں …
ملک جمخانہ کلب نے ڈی سی اے انٹر کلب ٹی 20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں گل کلب کو 7 وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا

مزید خبریں
راولپنڈی۔21اکتوبر (اے پی پی):ملک جمخانہ کلب نے ڈی سی اے انٹر کلب ٹی 20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں گل کلب کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فاتح ٹیم کے سعد مسعود نے ناقابل شکست 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا، گل کلب کے کپتان ناصر نواز ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ایوب نیشنل پارک کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میں گل کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ یاسر خان نے 54 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔

سعد مسعود اور زاہد منصور نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ملک جم کلب نے ہدف 19.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے کامیابی سمیٹ لی۔ سعد مسعود نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 74 رنز بنائے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر راولپنڈی ریجن چوہدری ارشد تھے جنہوں نے فاتح ٹیم اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر سابق ریجنل کوچ صبیح اظہر، صدر ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نوید عباسی، سیکرٹری ذوالفقار علی، آصف باجوہ، ساجد شاہ، ڈاکٹر جمیل ملک، نبیل ملک، مختلف کلبوں کے صدور اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ٹورنامنٹ میں گل کلب کے ناصر نواز کو بہترین کھلاڑی، رحمان خان کو بہترین بیٹر جبکہ ابرار شنواری کو بہترین باؤلر کا اعزاز دیا گیا۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا آغاز 27 اگست کو ہوا تھا جس میں راولپنڈی کے 80 کلبوں نے حصہ لیا اور مجموعی طور پر 141 میچز کھیلے گئے۔







