ڈائریکٹرجنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ادارہ کے ملازمین کی جسمانی صحت، ذہنی آسودگی، مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے ایف ڈی اے سپورٹس گالا 2026ء کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سپورٹس گالا میں سنوکر، لان ٹینس، پیڈل ٹینس، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے شامل ہیں، جن میں صرف ایف ڈی اے کے ملازمین …
ملازمین کی جسمانی صحت اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے کیلئے ایف ڈی اے سپورٹس گالا 2026ء کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ڈائریکٹر آئی ٹی ایف ڈی اے

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):ڈائریکٹرجنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ادارہ کے ملازمین کی جسمانی صحت، ذہنی آسودگی، مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے ایف ڈی اے سپورٹس گالا 2026ء کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سپورٹس گالا میں سنوکر، لان ٹینس، پیڈل ٹینس، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے شامل ہیں، جن میں صرف ایف ڈی اے کے ملازمین حصہ لے سکیں گے۔سپورٹس گالا کے مقابلے سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی، سرگودھا روڈ، فیصل آباد میں نومبر کے پہلے ہفتے کے دوران منعقد ہوں گے۔
ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ کے مطابق کھیلوں میں حصہ لینے کے خواہش مند ملازمین کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 31 اکتوبر 2026ء مقرر کی گئی ہے، جبکہ رجسٹریشن فیس ایک ہزار روپے فی کس فی کھیل ہوگی۔ مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کامیاب شرکاء کو حوصلہ افزائی کے انعامات دئیے جائیں گے۔ مینجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال نے بتایا کہ شرکاء کی سہولت اور کھیلوں کے منظم انعقاد کے لیے چند اہم ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ بیڈمنٹن کے کھلاڑیوں کے لیے نان مارکنگ جوتوں کا استعمال لازمی ہوگا، جبکہ تمام شرکاء کو مناسب کھیلوں کا لباس پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہر کھلاڑی اپنے متعلقہ کھیل کے لیے ضروری سامان خود ساتھ لائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایا کہ سپورٹس گالا کا مقصد ملازمین کو صحت مند تفریحی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے ذریعے نظم و ضبط، ٹیم ورک، باہمی ہم آہنگی اور مثبت مسابقت کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ اس طرح کی سرگرمیاں دفتری معمولات کے ساتھ صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور ملازمین کے درمیان خوشگوار روابط قائم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔ سپورٹس گالا میں شرکت اور رجسٹریشن کے حوالے سے مزید معلومات کے لئے احسن محبوب سے فون نمبر 03226041903 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔








