پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون ،مارخور آئی ٹی سلوشنزکی ٹیم نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

مارخور آئی ٹی سلوشنز (ایم آئی ٹی سلوشنز) کا شاندار سال جاری، ٹیم نے پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سے ہوگا۔ایم آئی ٹی سلوشنز نے رواں سال کے آغاز میں گریڈ ٹو ٹورنامنٹ سے ترقی حاصل کرتے ہوئے گریڈ ون میں جگہ بنائی تھی، جبکہ ٹیم نے اب عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے …

لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):مارخور آئی ٹی سلوشنز (ایم آئی ٹی سلوشنز) کا شاندار سال جاری، ٹیم نے پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سے ہوگا۔ایم آئی ٹی سلوشنز نے رواں سال کے آغاز میں گریڈ ٹو ٹورنامنٹ سے ترقی حاصل کرتے ہوئے گریڈ ون میں جگہ بنائی تھی، جبکہ ٹیم نے اب عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کا ساتواں اور آخری رائونڈ جمعرات کو مکمل ہوا، جس میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) کو چار وکٹوں سے شکست دے کر گریڈ ٹو میں تنزلی سے بچنے میں کامیابی حاصل کی۔پوائنٹس ٹیبل پر سٹیٹ بینک آف پاکستان 107 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ ایم آئی ٹی سلوشنز نے 96 پوائنٹس حاصل کیے۔ دونوں ٹیموں نے دو، دو میچ جیتے، تاہم اسٹیٹ بینک کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی۔

کنگزمین اکیڈمی اور غنی نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی، دونوں ٹیموں کے 89، 89 پوائنٹس رہے، جبکہ کے آر ایل 83 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔اسی طرح آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) آٹھ ٹیموں کی پوائنٹس ٹیبل پر 72 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر رہی، جس کے نتیجے میں اسے پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) 74 پوائنٹس کے ساتھ تنزلی سے محفوظ رہا، جبکہ ایس این جی پی ایل نے 76 پوائنٹس کے ساتھ گریڈ ون میں اپنی جگہ برقرار رکھی۔راولپنڈی کے شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے کے آر ایل کو چار وکٹوں سے شکست دی۔ کامیابی کے لیے 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایس این جی پی ایل کی ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی اور اس کا اسکور 92 رنز پر پانچ وکٹیں اور پھر 135 رنز پر چھ وکٹیں ہو گیا، تاہم عبدالصمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 103 گیندوں پر 69 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، جس میں 10 چوکے شامل تھے، محمد عمران رندھاوا نے 32 گیندوں پر ناقابلِ شکست 31 رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 58 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ کے آر ایل نے پہلی اننگز میں 151 اور دوسری اننگز میں 234 رنز بنائے، جبکہ ایس این جی پی ایل نے پہلی اننگز میں 195 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز میں 193 رنز چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ میں غنی اور او جی ڈی سی ایل کے درمیان مقابلہ ڈرا پر ختم ہوا۔

کھیل کے آخری روز غنی نے اپنی دوسری اننگز 82 رنز تین کھلاڑی آئوٹ سے شروع کی تو ٹیم کو خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 96 رنز درکار تھے۔ او جی ڈی سی ایل نے غنی کی پانچ وکٹیں 149 رنز پر حاصل کرکے فتح کی امیدیں روشن کیں، تاہم علی رزاق اور حسین طلعت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم کی۔علی رزاق نے 151 گیندوں پر ناقابلِ شکست 111 رنز بنائے، جس میں آٹھ چوکے اور چھ چھکے شامل تھے، جبکہ حسین طلعت نے 142 گیندوں پر 108 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ علی رزاق نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی، جبکہ حسین طلعت کی یہ اس فارمیٹ میں نویں سنچری تھی۔ کھیل ختم ہونے پر غنی نے 104 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 380 رنز بنا لیے تھے اور اسے 202 رنز کی برتری حاصل تھی۔ او جی ڈی سی ایل نے پہلی اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر 410 رنز بنا کر ڈیکلیئر کی تھی، جس میں امام الحق نے ناقابلِ شکست 200 رنز اور سعد خان نے 88 رنز بنائے۔اسلام آباد کے نیشنل گرائونڈ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور کنگزمین اکیڈمی کا میچ بھی ڈرا ہو گیا۔ 295 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسٹیٹ بینک نے دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے۔

اوپننگ بلے باز حسن رضا نے 187 گیندوں پر ناقابلِ شکست 128 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 22 چوکے شامل تھے، یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں دسویں سنچری تھی۔ انہوں نے علی شان کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 144 رنز کی شراکت قائم کی، علی شان 123 گیندوں پر 57 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔اس سے قبل کنگزمین اکیڈمی نے اپنی دوسری اننگز 44 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنا کر ڈیکلیئر کی۔ کپتان محمد طیب عارف نے اپنے ڈیبیو سیزن کی تیسری فرسٹ کلاس سنچری اسکور کرتے ہوئے 120 رنز بنائے، جبکہ محمد سلیمان نے 59 اور محمد حریرہ نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ سٹیٹ بینک نے پہلی اننگز میں 398 رنز بنائے تھے، جس میں علی شان کے ناقابلِ شکست 100 اور کامران غلام کے 88 رنز نمایاں تھے۔دوسری جانب بدھ کو ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں ایم آئی ٹی سلوشنز نے پی ٹی وی کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ایم آئی ٹی سلوشنز نے پہلی اننگز میں 412 رنز بنائے، جس میں محمد فاروق نے 130 اور ابوزر طارق نے 98 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔ پی ٹی وی کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 64 رنز پر آئوٹ ہو گئی تھی، جس کے بعد فالو آن کے دوران اس نے 394 رنز بنائے۔ پی ٹی وی کی جانب سے وقار حسین نے 171 اور تیمور خان نے 151 رنز اسکور کیے۔ ایم آئی ٹی سلوشنز نے دوسری اننگز میں 50 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ اپنے نام کر لیا۔ ترجمان کے مطابق پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کا فائنل 25 اکتوبر سے کراچی کے ایس بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگا، جہاں ایم آئی ٹی سلوشنز اور سٹیٹ بینک آف پاکستان پانچ روزہ مقابلے میں ٹائٹل کے حصول کے لیے آمنے سامنے ہوں گے۔

مزید خبریں