صوبائی وزیر خزانہ کی زیرِ صدارت بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی ماہانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس کا انعقاد

بلوچستان کے وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی زیرِ صدارت بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) کی ماہانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں محصولات کی وصولی، ادارہ جاتی اصلاحات، ٹیکس قوانین پر عملدرآمد اور ڈیجیٹل نظام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

کوئٹہ۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان کے وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی زیرِ صدارت بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) کی ماہانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں محصولات کی وصولی، ادارہ جاتی اصلاحات، ٹیکس قوانین پر عملدرآمد اور ڈیجیٹل نظام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان کاکڑ، چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے ادارے کی مجموعی کارکردگی، محصولات کی وصولی اور جاری اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل کر لی گئی ہے، جو ٹیکس انتظامیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے، دفتری امور میں بہتری اور کارکردگی میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ مستقبل میں ٹیکس اسیسمنٹ کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹیکس قوانین پر عملدرآمد، نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے اتھارٹی کے آڈٹ ونگ کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس تعمیل میں بہتری، مؤثر نگرانی اور ٹیکس انتظامیہ میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔ چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے جاری رجسٹریشن مہم کے حوالے سے بھی بریفنگ دی، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ کاروباری اداروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا، محصولات کی بنیاد کو وسیع کرنا اور صوبے میں ٹیکس نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے اتھارٹی کی کارکردگی اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے محصولات کی وصولی میں مسلسل بہتری، ٹیکس قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور ٹیکس نیٹ میں توسیع کے لیے کوششیں مزید تیز کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے اس امر کی اہمیت اجاگر کی کہ جدید ٹیکنالوجی، مضبوط نگرانی اور بہتر انتظامی حکمتِ عملی کے ذریعے صوبائی محصولات میں اضافے اور ٹیکس نظام کی استعداد کار بہتر بنانے کے لیے مسلسل پیش رفت جاری رکھی جائے۔

 

مزید خبریں