مسئلہ کشمیر کا پائیدار اورمنصفانہ حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے، اویس لغاری

وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اورمنصفانہ حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے، پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اورمنصفانہ حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے، پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

منگل کویومِ سیاہِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا،بھارت کشمیری عوام کی آواز اور حقِ خودارادیت کو طاقت کے بل بوتے پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں عالمی ضمیر کے لیے مستقل چیلنج ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر اور قید و بند کشمیری عوام کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکے۔

بھارت نے 5 اگست 2019ء کےغیر قانونی اقدامات کے ذریعے علاقے کی جغرافیائی اور آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کی سازش کی جبکہ اس کے یکطرفہ اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیداراورمنصفانہ حل صرف کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے،جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام تنازعہ کشمیر کے منصفانہ تصفیے سے وابستہ ہے۔

سردار اویس احمد خان لغاری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے عملی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام غیر متزلزل عزم کے ساتھ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید خبریں