وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ کے تحت شروع کیے گئے منصوبے بند نہیں ہوئے اور نہ ہی حکومت کا انہیں بند کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور ہے، ان منصوبوں پر خرچ ہونے والی رقم ضائع نہیں ہوئی بلکہ متعلقہ اداروں کے حوالے کیے گئے منصوبوں پر کام جاری ہے، بعض منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ دیگر تکمیل …
نیا پاکستان ہاؤسنگ کے تحت شروع کیے گئے منصوبے بند نہیں ہوئے اور نہ ہی حکومت کا انہیں بند کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور ہے، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ کے تحت شروع کیے گئے منصوبے بند نہیں ہوئے اور نہ ہی حکومت کا انہیں بند کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور ہے، ان منصوبوں پر خرچ ہونے والی رقم ضائع نہیں ہوئی بلکہ متعلقہ اداروں کے حوالے کیے گئے منصوبوں پر کام جاری ہے، بعض منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ دیگر تکمیل کے قریب ہیں۔منگل کو ایوان بالا میں سینیٹر جان محمد کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت ملک میں چھ منصوبے شروع کیے گئے تھے، جن میں اسلام آباد کے منصوبوں کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میں منصوبے شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں متعلقہ منصوبوں پر اب کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کام کر رہی ہے جبکہ پنجاب کے سرگودھا، چنیوٹ اور رائیونڈ سمیت مختلف علاقوں میں منصوبے حکومت پنجاب کے حوالے کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کا اہم منصوبہ ملور ہائٹس تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے بلکہ مکمل ہو چکا ہے۔ حکومت کی جانب سے متعلقہ منصوبوں کے حوالے سے فراہم کردہ جواب میں مختص رقم، مجوزہ مکانات اور فلیٹس کی تعداد اور منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ان منصوبوں کو ختم نہیں کر رہی اور نہ ہی ان کے نام سے کوئی مسئلہ ہے، کیونکہ یہ پاکستان اور عوام کے منصوبے ہیں۔ ان کا مقصد عوام کو رہائش کی سہولت فراہم کرنا ہے، اس لیے جہاں بھی منصوبے جاری ہیں، انہیں متعلقہ اداروں کے ذریعے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں شروع کیے گئے ان منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر پر سوال اٹھائے جا سکتے ہیں، تاہم موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ ان منصوبوں کو مکمل کرکے عوام کو ان کے ثمرات فراہم کیے جائیں۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے منصوبوں میں شفافیت سے متعلق تحفظات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان پر کام شفاف انداز میں جاری ہے اور جہاں منصوبے متعلقہ اداروں کے حوالے کیے گئے ہیں، وہاں پیش رفت بھی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان منصوبوں کو بیرونی سرمایہ کاری کے لیے بھی زیر غور رکھا تھا، تاہم اسلام آباد کے بعض منصوبوں کے حوالے سے معلوم ہوا کہ سی ڈی اے پہلے ہی ان کی قرعہ اندازی اور متعلقہ امور پر کام کر رہی ہے جبکہ الاٹیز کی جانب سے اقساط کی ادائیگی بھی جاری ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد عوامی مفاد کے منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے اور ان کی تکمیل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی ترجیح عوام کو رہائشی سہولیات کی فراہمی ہے اور اس مقصد کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں کو محض سیاسی بنیادوں پر بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ زیر تکمیل منصوبے مکمل ہونے کے بعد مستحق افراد کو رہائش کی سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔








