وفاقی وزیر تجارت کا دوحہ میں اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیےدوحہ میں متعدد اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کی۔ منگل کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت نے قطر سمیت عالمی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور پاکستان اور قطر کا تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔ اس موقع پر جام کمال خان نے …

دوحہ۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیےدوحہ میں متعدد اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کی۔ منگل کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت نے قطر سمیت عالمی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور پاکستان اور قطر کا تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔ اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نےڈی ایٹ سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کی ۔ملاقات میں ڈی ایٹ ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے اور اقتصادی روابط مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اورڈی ایٹ ممالک کی باہمی تجارت 2030 تک 500 ارب ڈالر تک پہنچانے کے ہدف پر گفتگو کی گئی ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈی ایٹ ترجیحی تجارتی معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایٹ ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹیں کم اور نئی منڈیوں تک رسائی بڑھانا چاہتے ہیں۔

ملاقات میں ڈی ایٹ ممالک میں نجی شعبے کی شراکت داری بڑھانے اور تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ وفاقی وزیر تجارت نے قطر کے وزیر بلدیات سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر نے زراعت، غذائی تحفظ اور تجارتی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان زرعی شعبے میں مشترکہ کاروباری مواقع تلاش کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا ۔پاکستان اور قطر نے زرعی سپلائی چین اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ زرعی ترقی اور غذائی تحفظ میں پاک قطر تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر تجارت نے قطر چیمبر آف کامرس کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔ جام کمال خان نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ قطر کے سرمایہ کار کراچی کے صنعتی علاقوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برآمدی صنعتوں اور مشترکہ صنعتی منصوبوں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت عالمی اور علاقائی منڈیوں تک رسائی کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔

قطری سرمایہ کار پاکستان کے ذریعے افریقی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور قطر کی کاروباری برادری کے براہِ راست روابط بڑھانے پر زور دیا۔ ملاقات میں قطر چیمبر کے چیئرمین نے علاقائی تجارتی راہداریوں اور ٹرانزٹ منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔پاکستان اور قطر نے علاقائی رابطوں اور سپلائی چین بہتر بنانے کیلئے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر تجارت نے دوحہ میں قطری ریتاج گروپ سے بھی ملاقات کی۔قطری ریتاج گروپ نے پاکستان کے ہوٹل اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔

ریتاج گروپ نے پاکستانی کاروباری اداروں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کا سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں کاروباری شراکت داری بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کیلئے نئی تجارتی اور صنعتی شراکت داریوں کو فروغ دے رہا ہے،علاقائی رابطوں اور مضبوط سپلائی چین سے پاکستانی برآمدات کیلئے نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان تجارت، زراعت، صنعت اور سیاحت میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پُرعزم ہے۔پاکستان اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے عالمی تجارتی شراکت داریوں کو وسعت دے رہا ہے،عالمی اقتصادی روابط کو عملی تجارتی اور سرمایہ کاری منصوبوں میں بدلنا ہماری ترجیح ہے۔

 

مزید خبریں