رہنما پاکستان پیپلز پارٹی و رکن قومی اسمبلی ناز بلوچ نے یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیر کی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ27 اکتوبر کا دن کشمیری قوم کے لیے غم اور جدوجہد کی علامت ہے۔ اسی روز بھارت نے اپنی فوجیں کشمیر میں داخل کر کے غیر قانونی قبضہ جما لیا تھا۔
پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ناز بلوچ کا یومِ سیاہ پر کشمیر عوام کو خراجِ تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):رہنما پاکستان پیپلز پارٹی و رکن قومی اسمبلی ناز بلوچ نے یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیر کی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ27 اکتوبر کا دن کشمیری قوم کے لیے غم اور جدوجہد کی علامت ہے۔ اسی روز بھارت نے اپنی فوجیں کشمیر میں داخل کر کے غیر قانونی قبضہ جما لیا تھا۔یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر جاری بیان میں ناز بلوچ نے کہا کہ ستر سے زائد برس گزر گئے مگر کشمیری عوام آج بھی امن کے لیے جدو جہد کر رہی ہے۔بھارتی جبر کے باوجود کشمیر کے لوگ آج بھی آزادی کے نعرے بلند کر رہے ہیں۔بھارتی فوج نے کشمیر میں خوف، دہشت اور ظلم کے ذریعے کشمیر کے مسلمانوں کی زندگی مشکل کر رکھی ہے۔
ناز بلوچ نے کہا کہ بھارت سازش کے تحت کشمیر کی مسلم اکثریتی حیثیت کو ختم کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیر کے لیے جدوجہد کو اپنا فرض سمجھا ہے،شہید قائد عوام اور شہید محترمہ نے کشمیر کی حمایت کو قومی سطح پر اجاگر کیا ،صدر مملکت آصف علی زرداری نے کشمیر کی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ ناز بلوچ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کا 5 اگست کا فیصلہ کشمیری عوام کو کسی صورت قبول نہیں۔بھارتی فوج معصوم کشمیریوں پر ظلم و ستم کر کے انسانیت کے خلاف سنگین جرم کر رہی ہے،
ناز بلوچ نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دینا ہوگا،حق خودارادیت کشمیری عوام کا وہ حق ہے جو کوئی نہیں چھین سکتا۔پوری پاکستانی قوم کشمیر کے نام پر ایک آواز ہے۔ہم ان کشمیری شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو آزادی کی راہ میں جان کھو بیٹھے ہیں، ناز بلوچ نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد حق اور سچ کی جدوجہد ہے جو کوئی بھی روک نہیں سکتا۔








