چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریب منعقد کی گئی جس میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ و پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ منگل کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا …
بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں یوم سیاہ کشمیر کی تقریب، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

مزید خبریں
بیجنگ۔27اکتوبر (اے پی پی):چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریب منعقد کی گئی جس میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ و پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ منگل کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر زور دیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

تقریب کے دوران صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ان پیغامات میں کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے لیے جائز جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ پیغامات میں جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے احترام کو یقینی بنائے۔چین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کی اہمیت اجاگر کی۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور پائیدار حل خطے اور اس سے آگے دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے مسئلہ کشمیر پر چین کے اصولی موقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اس تنازع کے حل کے لیے چین کی حمایت کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یوم سیاہ کشمیر کی تقریب کشمیری عوام کی خودارادیت، وقار اور انصاف کے حصول کی جدوجہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت کی عکاس ہے۔تقریب کے دوران ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں بھارت کے غیرقانونی قبضے میں کشمیری عوام کی مشکلات کو اجاگر کیا گیا ،جس کے بعد جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال کی عکاسی کرنے والی تصویری نمائش منعقد ہوئی۔تقریب میں علمی و تدریسی حلقوں، ذرائع ابلاغ، تھنک ٹینکس اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔








