بزنس مین گروپ پینل نے کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن (کے ڈبلیو جی اے) کے انتخابات میں بلامقابلہ کامیابی حاصل کرلی، جس کے بعد پینل کے تمام امیدواروں کو منتخب قرار دے دیا گیا۔
بزنس مین گروپ کا کراچی ہول سیل گروسرز کے انتخابات میں کلین سویپ، فیصل انیس مجید چیئرمین منتخب

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):بزنس مین گروپ پینل نے کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن (کے ڈبلیو جی اے) کے انتخابات میں بلامقابلہ کامیابی حاصل کرلی، جس کے بعد پینل کے تمام امیدواروں کو منتخب قرار دے دیا گیا۔ نومنتخب چیئرمین فیصل انیس مجید سمیت نئی قیادت نے 2026-28 کی مدت کے لیے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔منگل کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق نومنتخب عہدیداروں میں سلمان احمد شیخ سینئر وائس چیئرمین، عبدالحنان فاروقی وائس چیئرمین، فرحت صدیق جنرل سیکرٹری، محمد اشرف جوائنٹ سیکرٹری اور خرم چھولا فنانس سیکرٹری جبکہ منیجنگ کمیٹی کے اراکین میں محمد زبیر، علی احمد چوہان، عبدالحفیظ شیخ، مصطفیٰ باوانی، مزمل اقبال، محمد شاہد، محمد ذیشان، عتیق باوانی اور سنیل کمار شامل ہیں۔تقریب حلف برداری میں ممتاز تاجر رہنمائوں سمیت رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ) کے سابق چیئرمین رفیق سلیمان، ریپ کے موجودہ چیئرمین رضا امجد اور حیدرآباد دال ملرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین صلاح الدین شامل کے علاوہ ایسوسی ایشن کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔فیصل انیس مجید نے اپنے خطاب میں ممبران کے اعتماد پر شکریہ ادا کیا اور اپنے مرحوم والد معروف تاجر رہنما انیس مجید کو خراج عقیدت پیش کیا جو 38 برس تک کے ڈبلیو جی اے کے چیئرمین رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہول سیل گروسری سیکٹرکو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام ممبران کے اتحاد اور مشاورت کے ساتھ کام کریں گے اور حکومت سمیت دیگر تجارتی تنظیموں کے ساتھ مثبت اور تعمیری روابط جاری رکھیں گے نیز نئی ٹیم کی رہنمائی کے لیے سینئر مینٹورز پر مشتمل ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔







