وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کوئی علاقائی نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے
مسئلہ کشمیر عالمی مسئلہ ہے، کشمیریوں کی آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کوئی علاقائی نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے، پاکستان 1947ء سے عالمی برادری کے سامنے کشمیری عوام کا مقدمہ پیش کرتا آ رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک ان کی حمایت جاری رکھے گا۔ منگل کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو پاکستان بھر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صبح 10 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے اپنی افواج مقبوضہ کشمیر میں اتار کر علاقے پر زبردستی قبضہ کیا، جس کے خلاف کشمیری عوام آج تک جدوجہد کر رہے ہیں۔ پاکستان ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتا ہے تاکہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔لوفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی مظالم سے عالمی برادری کو مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی آواز عالمی فورمز تک پہنچاتا رہے گا اور ان کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو محض علاقائی تنازع قرار دینا درست نہیں، کیونکہ اس مسئلے کے خطے اور عالمی امن پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ پاکستان نے اس مسئلے کے باعث جنگوں کا سامنا بھی کیا ہے، تاہم وہ کشمیری عوام کے جائز حقوق کے حصول کے لیے اپنی سفارتی اور سیاسی کوششیں جاری رکھے گا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنے تک ان کی حمایت جاری رکھے گا۔







