پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ 27اکتوبر 1947 کشمیر و جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سیاہ دن ہے جب بھارت ناپاک عزائم کے ساتھ کشمیر میں داخل ہوا اور کشمیری عوام کے حقوق کو پامال کیا

کراچی۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ 27اکتوبر 1947 کشمیر و جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سیاہ دن ہے جب بھارت ناپاک عزائم کے ساتھ کشمیر میں داخل ہوا اور کشمیری عوام کے حقوق کو پامال کیا، آج بھی کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان کی قربانیاں عالمی ضمیر سے انصاف کی متقاضی ہیں۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کی حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں، سندھ بھر میں تقریبات اس عزم کا مظہر ہیں کہ کشمیری عوام کی جدوجہد میں پاکستانی عوام ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری اپنی قراردادوں پر عمل درآمد اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے موثر کردار ادا کریں۔