سپین کےعلاقے اردوَا میں گزشتہ ہفتے دو تیز رفتار ٹرینوں کے ہولناک تصادم میں جاں بحق ہونے والے تمام 69 افراد کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے 29 افراد تاحال مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔شنہوا کے مطابق اسپین کے انٹیگریٹڈ ڈیٹا سینٹر (سی آئی ڈی) نے پیر کو تصدیق کی کہ حادثے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 69 ہے، جن میں 54 …
سپین میں تیز رفتار ٹرینوں کے تصادم میں ہلاک 69 افراد کی شناخت مکمل، 29 زخمی ہسپتالوں میں زیر علاج

مزید خبریں
میڈرڈ ۔3نومبر (اے پی پی):سپین کےعلاقے اردوَا میں گزشتہ ہفتے دو تیز رفتار ٹرینوں کے ہولناک تصادم میں جاں بحق ہونے والے تمام 69 افراد کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے 29 افراد تاحال مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔شنہوا کے مطابق اسپین کے انٹیگریٹڈ ڈیٹا سینٹر (سی آئی ڈی) نے پیر کو تصدیق کی کہ حادثے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 69 ہے، جن میں 54 اسپین کے شہری اور 15 غیر ملکی شامل ہیں۔
جاں بحق افراد میں 40 مرد اور 29 خواتین شامل تھیں اور تمام بالغ تھے۔غیر ملکی جاں بحق افراد میں امریکا کے 4، آسٹریلیا اور جاپان کے 2، 2 شہری جبکہ ارجنٹائن، کینیڈا، جمہوریہ چیک، فرانس، میکسیکو، پرتگال اور تیونس کا ایک، ایک شہری شامل ہے۔ٹولیڈو اور سیوداد ریئل کے انسٹی ٹیوٹ آف لیگل میڈیسن اینڈ فارنزک سائنسز نے شناخت کا عمل مکمل کیا۔ 56 افراد کی شناخت فنگر پرنٹس جبکہ باقی 13 کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی گئی۔ حکام نے تمام جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو نتائج سے آگاہ کر دیا ہے جبکہ غیر ملکی شہریوں کے متعلقہ سفارتی و قونصلر دفاتر کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔
علاقائی حکومت کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 29 افراد چار مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے 9 انتہائی نگہداشت کے یونٹس جبکہ 20 عمومی وارڈز میں داخل ہیں۔ حادثے کے بعد ابتدائی طور پر چھ ہسپتالوں میں داخل کیے گئے 110 مریضوں میں سے 81 کو طبیعت میں بہتری کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب حادثے کے مقام پر امدادی اور بحالی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ہسپانوی خبر رساں ادارے ای ایف ای کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی دونوں ٹرینوں کی تمام بوگیاں ریلوے ٹریک سے ہٹا دی گئی ہیں۔ سول گارڈ کے تقریباً 50 اہلکار جائے حادثہ پر انسانی باقیات کی تلاش میں مصروف ہیں۔








