وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے منگل کو یہاں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجع بن طامی البقمی نے ملاقات کی جس میں پاک سعودی تعلقات، مذہبی شعبے میں تعاون، حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے منگل کو یہاں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجع بن طامی البقمی نے ملاقات کی جس میں پاک سعودی تعلقات، مذہبی شعبے میں تعاون، حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور جوائنٹ سیکرٹری حج سید عبدالوحید شاہ بھی شریک تھے۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستان میں تعیناتی پر سعودی سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مذہبی، تاریخی اور برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط ہیں جبکہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں بڑے بھائی کی طرح پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ عوام کے دل کی آواز ہے اور پاکستان کی حرمین شریفین سے نسبت قیامت تک برقرار رہے گی، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام عقیدت، محبت اور اخوت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ خادم حرمین شریفین حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے مثالی اقدامات کر رہے ہیں،سعودی حکومت کی جانب سے حج انتظامات میں بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے روٹ ٹو مکہ منصوبے کو ایک بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے پاکستانی حجاج کرام کو نمایاں آسانی میسر آئی ہے اور ان کے سفر حج کو زیادہ سہل بنانے میں مدد ملی ہے۔
وفاقی وزیر نے سعودی سفیر کو اپنے آبائی علاقے مانسہرہ کے دورے کی دعوت بھی دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی تعیناتی سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔اس موقع پر سعودی سفیر ڈاکٹر راجع بن طامی البقمی نے کہا کہ پاکستان میں تعیناتی ان کے لئے اعزاز کی بات ہے اور پاکستان اب ان کا پہلا گھر ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی، دوستانہ رویے اور پاکستان کے قدرتی حسن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور یہاں کے لوگ محبت اور خلوص سے پیش آتے ہیں۔سعودی سفیر نے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت ایک بڑی سعادت ہے، سعودی قیادت حرمین شریفین کی خدمت اور حجاج کرام کو سہولیات کی فراہمی کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔
انہوں نے عمرہ زائرین کو تیز رفتار اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے فوکل پرسن نامزد کرنے کے اقدام کا بھی ذکر کیا۔ڈاکٹر راجع بن طامی البقمی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شاعری سے اپنی گہری دلچسپی اور متاثر ہونے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ علامہ اقبال کے کلام کو بے حد پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی سفارتخانے کے دروازے اپنے پاکستانی بھائیوں کے لئے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مذہبی امور، حج و عمرہ سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔







