ملک میں سیمنٹ کی فروخت میں 3 فیصد اضافہ، برآمدات میں 10 فیصد کمی ریکارڈ

ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافہ جبکہ سیمنٹ کی برآمدات میں 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافہ جبکہ سیمنٹ کی برآمدات میں 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2026 کے دوران ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت کا حجم 18 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 17.5 ملین ٹن رہی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ملک میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 14.9 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں مقامی فروخت کا حجم 14 ملین ٹن رہا تھا، اکتوبر 2026 کے دوران ملک میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 4 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی برآمدات 3.1 ملین ٹن ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10 فیصد کم ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سیمنٹ کی برآمدات کا حجم تقریباً 3.4 ملین ٹن رہا تھا۔ اسی طرح اکتوبر 2026 کے دوران سیمنٹ کی برآمدات 0.8 ملین ٹن ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 4 فیصد کم ہیں.

مزید خبریں