وزیراعظم آئی ٹی سرٹیفیکیشن ری ایمبرسمنٹ پروگرام کا اجرا، نوجوانوں کو 50 سے زائد عالمی سرٹیفیکیشنز پر 70 ہزار روپے تک فیس واپسی کی سہولت

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ماتحت ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی)نے ملکی آئی ٹی گریجویٹس اور پیشہ ور افراد کے لیے ’’وزیراعظم آئی ٹی سرٹیفیکیشن ری ایمبرسمنٹ پروگرام‘‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ماتحت ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی)نے ملکی آئی ٹی گریجویٹس اور پیشہ ور افراد کے لیے ’’وزیراعظم آئی ٹی سرٹیفیکیشن ری ایمبرسمنٹ پروگرام‘‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا جس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہے، اس فلاحی و ترقیاتی اقدام کے تحت امیزون ویب سروسز، مائیکروسافٹ اور گوگل سمیت 50 سے زائد عالمی معیار کی منظور شدہ آئی ٹی سرٹیفیکیشنز حاصل کرنے والے امیدواروں کو فی کس 70 ہزار روپے تک امتحانی فیس واپس کی جائے گی۔ترجمان بورڈ کی جانب سے جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق خواہش مند امیدواروں کو سب سے پہلے(skills.techdestination.com) پورٹل پر جا کر اپنی پروفائل بنانا ہوگی اور منظور شدہ فہرست میں سے اپنی مطلوبہ سرٹیفیکیشن کا انتخاب کر کے درخواست جمع کرانی ہوگی۔

درخواست کے بعد امیدوار متعلقہ عالمی ادارے کے زیر اہتمام منعقدہ امتحان میں شرکت کریں گے اور اسے کامیابی سے پاس کرنے کے بعد اپنی آفیشل سند اور فیس کی ادائیگی کی رسید پورٹل پر اپ لوڈ کریں گے۔ پروگرام کی مجاز ٹیم کی جانب سے دستاویزات کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد 70 ہزار روپے تک کی رقم امیدوار کے اکائونٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔بورڈ کی جانب سے اس امر پر خصوصی زور دیا گیا ہے کہ امیدواروں کے لیے سرٹیفیکیشن امتحان دینے سے قبل پورٹل پر پیشگی درخواست دینا لازمی ہے۔ پی ایس ای بی کے مطابق یہ پروگرام نوجوانوں کو آئی ٹی کی بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقتی برتری حاصل کرنے، ملکی فری لانسنگ اور سافٹ ویئر برآمدات کو وسعت دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ تمام اہل آئی ٹی گریجویٹس اور پروفیشنلز skills.techdestination.com پر فوری رجسٹریشن کروا کر اس قومی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں.

مزید خبریں