نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اضافی چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ، قومی ضروریات پوری کرنے کیلئے چینی کے سٹریٹجک ذخائر برقرار رکھنے کی ہدایت

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ قومی ضروریات پوری کرنے کے لئے چینی کے سٹریٹجک ذخائر برقرار رکھے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ خوردہ قیمتوں میں اضافے کا کوئی دباؤ پیدا نہ ہو

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ قومی ضروریات پوری کرنے کے لئے چینی کے سٹریٹجک ذخائر برقرار رکھے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ خوردہ قیمتوں میں اضافے کا کوئی دباؤ پیدا نہ ہو۔بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اضافی چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اضافی چینی کی برآمد کو منظم اور مؤثر بنانے کے لئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ اس ضمن میں انتظامی، تکنیکی اور طریقہ کار سے متعلق امور کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں چینی کے موجودہ ذخائر اور ملکی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ چینی کی برآمد سے ملک میں قیمتوں کا استحکام متاثر نہ ہو۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اضافی اشیائے ضروریہ کی برآمد زرعی معیشت کو مضبوط بنانے اور قیمتی زرمبادلہ کمانے کے لئے ضروری ہے تاہم ملکی صارفین کے مفادات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قومی ضروریات پوری کرنے کے لئے سٹریٹجک ذخائر برقرار رکھے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ خوردہ قیمتوں میں اضافے کا کوئی دباؤ پیدا نہ ہو۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کمیٹی کے تمام ارکان کا ان کی قیمتی آرا ء اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور اضافی چینی کی برآمد کے عمل کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کے لئے ان کی اجتماعی کاوشوں کو سراہا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور اقتصادی امور، وزیر مملکت برائے خزانہ، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار، معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق باجوہ، سیکرٹریز خزانہ، تجارت، قانون و انصاف اور قومی غذائی تحفظ و تحقیق سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔