گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ، ترقیاتی و انتظامی امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کی

مزید خبریں
پشاور۔ 04 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے، عوامی مسائل کے حل، جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،متعلقہ محکمے اپنی ضروریات اور تجاویز مکمل تفصیلات کے ساتھ پیش کریں تاکہ ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے موقع پر کمشنر آفس میں منعقدہ ترقیاتی و انتظامی امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن دائود خان، ریجنل پولیس آفیسر غلام مبشر میکن، ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کمشنر دائود خان نے ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات اور مختلف محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 171، ضلع ٹانک میں 76، جنوبی وزیرستان اپر میں 107 جبکہ جنوبی وزیرستان لوئر میں 88 ترقیاتی سکیمیں جاری ہیں۔ اجلاس میں ریونیو کورٹ کیسز، اراضی کے حصول، ریونیو ریکوری، صحت کی سہولیات، انسانی وسائل، کھیلوں، پارکس، ویسٹ مینجمنٹ، جنگلات، پیسکو، نہروں اور دیگر شعبوں سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ کمشنر نے سی آر بی سی کینال کے مسائل اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔
ریجنل پولیس آفیسر غلام مبشر میکن نے پولیس کی استعداد کار میں اضافے، زیر تعمیر منصوبوں، سیف سٹی پراجیکٹ، ٹانک میں درکار انفراسٹرکچر اور پولیس کی دیگر ضروریات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ گورنر نے پولیس کو جدید اسلحہ و آلات کی فراہمی، پولیس چیک پوسٹوں اور تھانوں کی سولرائزیشن، پولیس شہداء کے بچوں اور حاضر سروس پولیس ملازمین کے لیے سکالرشپس، سیف سٹی منصوبوں میں توسیع اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پولیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔گورنر نے محکمہ سیاحت کو اپ گریڈ کرنے، نوجوانوں کی ترقی، کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافے، کھیلوں کے میدانوں کی بہتری اور ڈویژن میں دانش سکول سسٹم کے قیام کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے لیے ترقیاتی بجٹ میں خاطر خواہ گنجائش موجود ہے، اس لیے متعلقہ افسران ایسی قابل عمل تجاویز پیش کریں جن سے علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کے فوری ازالے اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی شہریوں کو شکایات درج کرانے کی سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، بجلی چوری اور گیس کے کم پریشر سمیت توانائی کے مسائل بھی زیر غور آئے۔ گورنر نے ہدایت کی کہ ٹرانسفارمر کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کا نظام متعارف کرانے اور موسم گرما سے قبل بجلی کی فراہمی کے مسائل کم کرنے کے لیے متعلقہ ادارے مؤثر حکمت عملی وضع کریں۔ انہوں نے پیسکو کی جوائنٹ ٹاسک فورس کی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے اور بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے مسائل کے حل کے لیے بھی متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔گورنر نے ٹانک اڈہ کی منتقلی کو عوامی مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے اڈے پر سکیورٹی، روشنی اور دیگر ضروری سہولیات کو یقینی بنایا جائے خصوصاً شام کے اوقات میں پولیس کی جانب سے مناسب سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے ہسپتالوں بالخصوص ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایم آر آئی مشین اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی، ینگ ڈاکٹرز کے مسائل اور ایس آئی یو ٹی ہسپتال کے قیام کے لیے بھی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی ہسپتال آئندہ آٹھ سے دس ماہ میں قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ دینار ہسپتال کی مشینری اور دیگر ضروریات بھی پوری کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو درپیش مالی مسائل، گرانٹس اور ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ گورنر نے کہا کہ صفائی مہم اور تجاوزات کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے بیواؤں اور معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات، آئی ٹی پارک کی اپ گریڈیشن، سمگلنگ کی روک تھام اور عوامی نقل و حمل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر بھی غور کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریباً 43 ہزار غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشے چل رہے ہیں، جن کے نظام کو بہتر بنانے اور چنگ چی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی اقدامات زیر غور ہیں۔گورنر نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکوں میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا کوئی فوکل پرسن نہیں ہے اور ان سے متعلقہ رابطہ کاری صرف براہ راست یا باضابطہ سرکاری ذرائع سے کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو محض کاغذی کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے ان کی عملی تکمیل اور نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امن و امان کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ان کے نتائج بتدریج سامنے آئیں گے۔ پولیس کی ضروریات پوری ہونے سے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے بچوں کے لیے تعلیمی سہولیات و سکالرشپس کی فراہمی کے حوالے سے بھی اصلاحاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امن و امان کے لیے فنڈز کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دستیاب فنڈز کو مؤثر اور شفاف انداز میں استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اداروں کو مضبوط بنانے، ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تجاوزات کے خاتمے، صفائی ستھرائی اور کرپشن کی روک تھام کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی تجاویز کو بھی ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اہمیت دی جائے گی۔گورنر نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں ترقیاتی اور انتظامی تبدیلیوں کے لیے وقت درکار ہوتا ہے تاہم عوام کو جلد عملی اقدامات نظر آئیں گے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے مسائل کے حل، امن و امان کے قیام اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جائے گا۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام 12 اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے فروغ، عوامی مسائل کے حل اور امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کمشنر آفس ڈیرہ اسماعیل خان آمد کے موقع پر پودا لگا نے کے دوران انہوں نے ماحولیاتی تحفظ، سرسبز و شاداب پاکستان اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیا۔قبل ازیں کمشنر آفس ڈیرہ اسماعیل خان آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو سلامی پیش کی۔








