ایچ ای سی کا قومی جامعاتی درجہ بندی کا فریم ورک تیار کرنے کے لئے 22 رکنی قومی ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاکستان میں جامعات کی کارکردگی جانچنے کے لئے شفاف، مستند اور قومی ضروریات سے ہم آہنگ نظام وضع کرنے کی غرض سے 22 رکنی قومی ٹاسک فورس قائم کر دی ہے

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاکستان میں جامعات کی کارکردگی جانچنے کے لئے شفاف، مستند اور قومی ضروریات سے ہم آہنگ نظام وضع کرنے کی غرض سے 22 رکنی قومی ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ٹاسک فورس قومی جامعاتی درجہ بندی کا فریم ورک تیار کرنے، مجوزہ نظام کا جائزہ لینے اور اسے حتمی شکل دینے کی ذمہ دار ہوگی، اس مقصد کے لئے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ جامعاتی درجہ بندی کے طریقہ کار کو پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

ٹاسک فورس جامعات کی درجہ بندی کے اشاریوں، ان کے وزن، جائزے کے طریقہ کار، مطلوبہ اعدادوشمار، تصدیقی عمل اور نمبروں کے تعین کے نظام کا جائزہ لے گی تاکہ شفاف، منصفانہ اور مستند بنیادوں پر جامعات کی کارکردگی کا تعین کیا جا سکے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز اسلام آباد کے ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ کو ٹاسک فورس کا کنوینئر جبکہ قومی جامعاتی درجہ بندی کے قومی رابطہ کار اور ایچ ای سی کے شعبہ اعلیٰ تعلیمی اعدادوشمار کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد علی بیگ کو سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔

ٹاسک فورس میں ملک کی مختلف سرکاری و نجی جامعات اور اعلیٰ تعلیمی شعبے کے متعلقہ اداروں کے ماہرین اور نمائندے شامل ہیں۔ ان میں آغا خان یونیورسٹی، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، خیبر میڈیکل یونیورسٹی، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، نیشنل کالج آف آرٹس، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز، قائداعظم یونیورسٹی، آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، بلوچستان یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، کراچی یونیورسٹی، پشاور یونیورسٹی اور پنجاب یونیورسٹی کے نمائندے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندوں کو بھی ٹاسک فورس میں شامل کیا گیا ہے تاکہ ملک کے مختلف علاقوں، تعلیمی اداروں اور شعبہ جات کی نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔ قومی ٹاسک فورس کا قیام پاکستان میں جامعات کی کارکردگی جانچنے کے لئے ایک منظم، شفاف اور شواہد پر مبنی قومی درجہ بندی کا نظام متعارف کرانے کی جانب اہم پیشرفت ہے۔