بیرسٹر دانیال چوہدری نے چائنہ مارکیٹ تا گورڈن کالج روڈ کی تعمیر و بحالی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، منصوبے پر 13 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زائد لاگت آئے گی

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات و رکن قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری نے چائنہ مارکیٹ سے گورڈن کالج روڈ تک اہم شاہراہ کی ازسرنو تعمیر و بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیاہے، منصوبے پر پنجاب حکومت کی جانب سے 13 کروڑ 83 لاکھ 18 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ تعمیراتی کام محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) …

راولپنڈی۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات و رکن قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری نے چائنہ مارکیٹ سے گورڈن کالج روڈ تک اہم شاہراہ کی ازسرنو تعمیر و بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیاہے، منصوبے پر پنجاب حکومت کی جانب سے 13 کروڑ 83 لاکھ 18 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ تعمیراتی کام محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کے متعلقہ انجینئرنگ شعبوں کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔اس سلسلے میں بدھ کے روز گورنمنٹ گورڈن گریجویٹ کالج اور گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول کالج روڈ کے قریب سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی، جس کا اہتمام مقامی کمیونٹی اور کالج روڈ کی تاجر برادری نے کیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر میں عوامی فلاح و بہبود، شہری ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ چائنہ مارکیٹ تا گورڈن کالج روڈ کی تعمیر و بحالی سے شہریوں اور تاجروں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی جبکہ تعلیمی اداروں میں آنے والے طلبہ کو بھی سفری مشکلات سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ جدید سفری سہولیات اور بہتر سڑکیں شہری ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں، گورڈن کالج جیسے تاریخی تعلیمی اداروں تک آسان رسائی طلبہ کیلئے سہولت کا باعث بنے گی جبکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔منصوبے کے تحت شاہراہ کی مکمل تعمیر نو کے ساتھ اس کے بنیادی ڈھانچے کو بھی بہتر بنایا جائے گا تاکہ بھاری ٹریفک اور تجارتی گاڑیوں کے دباؤ کو برداشت کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہو، اس کے علاوہ مون سون بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی کے لیے خصوصی ڈرینج سسٹم بھی تعمیر کیا جائے گا، جس سے لیاقت روڈ اور نیو محلہ کے علاقوں میں پانی جمع ہونے کے دیرینہ مسئلے کے حل میں مدد ملے گی۔تعمیر و بحالی کا یہ منصوبہ چائنہ مارکیٹ اور گردونواح کے تجارتی مراکز کو شہر کے مرکزی تعلیمی علاقوں سے منسلک کرنے کے ساتھ شہریوں کے روزمرہ سفر کو آسان بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کے شہری ترقیاتی منصوبوں کے تحت راولپنڈی میں راول روڈ، پانچویں روڈ اور ریلوے ورکشاپ روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں کی بہتری کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔تقریب میں تاجروں اور اہل علاقہ نے بیرسٹر دانیال چوہدری کا پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کیا اور چہ میراں مارکیٹ و چائنہ مارکیٹ سے گورڈن کالج تک سڑک کی تعمیر و تزئین کے منصوبے کی منظوری پر پنجاب حکومت اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے اختتام پر بیرسٹر دانیال چوہدری نے فیتہ کاٹ کر منصوبے کے کام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کے سینئر انجینئرز، تاجر رہنماؤں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔