اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے اسلام آباد میں شیشہ کیفوں پر پابندی کے عدالتی فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر ضلعی انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے
اسلام آباد میں شیشہ کیفوں پر پابندی کے عدالتی فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر ضلعی انتظامیہ کو نوٹس جاری ،جواب طلب

مزید خبریں
اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے اسلام آباد میں شیشہ کیفوں پر پابندی کے عدالتی فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر ضلعی انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ شیشہ کیفے مالکان نے سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی تاہم عدالت نے کہا کہ انتظامیہ کو سن کر فیصلہ کریں گے ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس اور جسٹس ایاز شوکت پر مشتمل ڈویژن بنچ نے شیشہ کیفوں پر پابندی کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف شیشہ کیفے مالکان کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔ جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے کہ سنگل بنچ کے فیصلے سے قبل بھی ایک فیصلہ ہائیکورٹ کا جاری ہوا تھا۔اس فیصلے میں بھی رولز بنانے کا کہا گیا تھا۔
اس فیصلے میں بھی شیشہ کیفوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی پھر این او سی کیسے جاری ہوئے؟ اپیل کنندگان کے وکیل عادل عزیز قاضی نے کہا کہ وہ این او سیز انتظامیہ نے جاری کیے، این او سی ملنے پر درخواست گزاروں نے کروڑوں روپے لگا کر سرمایہ کاری کی، ہم چاہتے ہیں اُن این او سیز پر ہمیں اجازت دی جائے۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ ہم نوٹس کر رہے ہیں پھر پتہ چل جائے گا کہ رولز کے بغیر این او سی کیسے جاری ہوئے۔ آپ اپیل میں آئے ہیں لیکن اب بھی شیشہ کیفوں کے رولز نہیں بنے۔ ڈویژن بنچ نے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔








