
کوئٹہ۔29دسمبر(اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل اور اس ضمن میں اسلام آباد اور لاہور کے منصوبوں سے استفادہ کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات جمعہ کو میتھوڈیسٹ چرچ کوئٹہ کے دورہ کے دوران جاری کیں۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے وفاقی وزیر کو 17دسمبر کو چرچ پر حملے کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ پولیس اورسکیورٹی فورسز نے دلیری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے چرچ میں موجود مرد و خواتین اور بچوں کوبچا کر بحفاظت چرچ سے باہر نکالا جبکہ بزدلانہ حملے میں 9 افراد جاں بحق اور 50سے زائد زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں 39 گرجا گھروں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیرمذہبی امور سردار محمد یوسف، رکن قومی اسمبلی خلیل جارج، صوبائی وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد اچکزئی، رکن صوبائی اسمبلی انیتا عرفان، ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوارڈی نیٹرعلاوالدین کاکڑ بھی موجود تھے۔ ۔