نیوزی لینڈ کے مایہ ناز بلے باز ڈیون کونوے بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے بقیہ میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ای ایس پی این کے مطابق 35 سالہ ڈیون کونوے کو فیلڈنگ پریکٹس کے دوران ساتھی فاسٹ بولر میٹ ہنری سے ٹکرانے کے باعث سر پر چوٹ آئی، جس کے بعد ان میں دماغی جھٹکے کی تشخیص ہوئی
ڈیون کونوے انجری کا شکار، بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر
ویلنگٹن۔6نومبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ کے مایہ ناز بلے باز ڈیون کونوے بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے بقیہ میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ای ایس پی این کے مطابق 35 سالہ ڈیون کونوے کو فیلڈنگ پریکٹس کے دوران ساتھی فاسٹ بولر میٹ ہنری سے ٹکرانے کے باعث سر پر چوٹ آئی، جس کے بعد ان میں دماغی جھٹکے کی تشخیص ہوئی۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ڈیون کونوے اور میٹ ہنری آکلینڈ میں سیریز کے پہلے ون ڈے سے بھی محروم رہے تھے، تاہم میٹ ہنری کو دماغی چوٹ سے محفوظ قرار دے دیا گیا ہے اور وہ ہفتے کو ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ڈیون کونوے کی جگہ نک کیلی کو نیوزی لینڈ کے ون ڈے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ نک کیلی کی جگہ ڈیل فلپس نیوزی لینڈ اے سکواڈ کا حصہ بنیں گے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ اے کے 3 فاسٹ بولرز سائمن کین، بین لسٹر اور فریزر شیٹ بھی انجریز کے باعث بھارت اے کے خلاف تیسرے غیر سرکاری ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ سائمن کین اور فریزر شیٹ کی آئندہ 3 سے 4 ہفتوں میں ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی متوقع ہے جبکہ بین لسٹر دائیں جانب پٹھے کی انجری سے صحت یاب ہونے کے مرحلے میں ہیں۔نیوزی لینڈ اے سکواڈ میں زیک گبسن اور بریٹ رینڈل برقرار رہیں گے جبکہ ڈینرو فرنس کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ ہنری نکولز کی سینئر ون ڈے ٹیم میں شمولیت کے بعد ٹم رابنسن نیوزی لینڈ اے کے ساتھ ہی رہیں گے۔واضح رہے کہ سائمن کین اور فریزر شیٹ اب تک 6، 6 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور زیک گبسن اور بھارت اے کے عقیب نبی کے ہمراہ سیریز کے مشترکہ سب سے کامیاب بولرز ہیں۔








