کرسٹیانو رونالڈو کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ، فٹبال کی دنیا سے خراجِ تحسین کا سلسلہ شروع

پرتگال کے عظیم فٹبالر اور بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے اعلان پر فٹبال کی دنیا سے ردعمل اور خراجِ تحسین کا سلسلہ شروع ہو گیا

لزبن۔6نومبر (اے پی پی):پرتگال کے عظیم فٹبالر اور بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے اعلان پر فٹبال کی دنیا سے ردعمل اور خراجِ تحسین کا سلسلہ شروع ہو گیا۔رائٹرز کے مطابق پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے کرسٹیانو رونالڈو کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ میدان میں ان کی ہر قربانی، فیصلہ کن گول اور بحیثیت کپتان ذمہ داریاں پرتگال کی جرسی سے ان کی غیر مشروط محبت کا ثبوت ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کا عالمی تشخص بلند کیا اور نوجوان نسل کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کا حوصلہ دیا۔ فیڈریشن کے مطابق بہت سے لوگوں کے لیے وہ تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑی ہیں۔کرسٹیانو رونالڈو کے موجودہ کلب النصر نے بھی انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف ایک دور نہیں بلکہ تاریخ رقم کی ہے۔ وہ پوری دنیا کے لیے ایک عظیم آئیکون ہیں اور پرتگال ان کے دل میں بستا ہے جبکہ وہ دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں میں جگہ رکھتے ہیں۔ کلب نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کے ساتھ ایک باب ضرور مکمل ہوا ہے، تاہم النصر کے ساتھ ابھی مزید تاریخ رقم کرنا باقی ہے۔انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے بھی رونالڈو کو ان کے شاندار بین الاقوامی کیریئر پر مبارک باد پیش کی۔دوسری جانب پرتگال کے کوچ جارج جیسز نے کہا کہ قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ مکمل طور پر کرسٹیانو رونالڈو کا اپنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے پہلے بھی بات ہوئی تھی اور انہوں نے کرسٹیانو رونالڈوسے ٹیم کے ساتھ رہنے کی درخواست کی تھی کیونکہ وہ انہیں اپنے ساتھ رکھنا چاہتے تھے، تاہم اب وہ ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو مردوں کے بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں اور ان کی قومی ٹیم سے علیحدگی پرتگالی فٹبال کے ایک اہم دور کا اختتام ہے۔