معاشرے کی ترقی، جمہوریت کے استحکام اور ملک کو مضبوط بنانے میں آزاد، ذمہ دار اور موثر صحافت کا بنیادی کردار ہے، گورنر سندھ نہال ہاشمی

لاہور۔7نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی، جمہوریت کے استحکام اور ملک کو مضبوط بنانے میں آزاد، ذمہ دار اورموثر صحافت کا بنیادی کردار ہے، ابلاغ کو ترقی دینے والے معاشرے کبھی پیچھے نہیں رہتے،صحافیوں کو ایمانداری سے حقائق عوام کے سامنے لانے چاہئیں،سوشل میڈیا کے بعض غیر ذمہ دارانہ رجحانات نے صحافت کے لیے نئے مسائل پیدا کیے ہیں،صوبوں کے درمیان رابطے، …

لاہور۔7نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی، جمہوریت کے استحکام اور ملک کو مضبوط بنانے میں آزاد، ذمہ دار اورموثر صحافت کا بنیادی کردار ہے، ابلاغ کو ترقی دینے والے معاشرے کبھی پیچھے نہیں رہتے،صحافیوں کو ایمانداری سے حقائق عوام کے سامنے لانے چاہئیں،سوشل میڈیا کے بعض غیر ذمہ دارانہ رجحانات نے صحافت کے لیے نئے مسائل پیدا کیے ہیں،صوبوں کے درمیان رابطے، باہمی تعاون اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا عمل ترقی اور اچھی حکمرانی کے لیے اہم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو لاہور پریس کلب کے پروگرام’’گیسٹ آف آنر‘‘میں گفتگو اور صحافیوں کی سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔گورنر سندھ نے کہا کہ لاہور پریس کلب نے ہمیشہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہو کر آواز بلند کی، معاشرے کو آئینہ دکھایا اور رہنمائی کا کردار ادا کیا، صحافیوں نے اس مقصد کے لیے قربانیاں بھی دیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے لیے لاہور پریس کلب آنا باعث عزت و افتخار ہے۔سوشل میڈیا سے متعلق سوال کے جواب میں گورنرنے کہا کہ روایتی اور پرنٹ میڈیا کی اپنی اہمیت ہے، جہاں خبر کے ذرائع، رپورٹرز اور نیوز ڈیسک کے ذریعے معلومات کی تصدیق کی جاتی ہے، جبکہ سوشل میڈیا کے بعض غیر ذمہ دارانہ رجحانات نے صحافت کے لیے نئے مسائل پیدا کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے 1985 میں پنجاب کے وزیراعلی بننے کے بعد صوبے میں تعمیر و ترقی اور انفراسٹرکچر کی ترقی پر توجہ دی۔انہوں نے کہا کہ آج لاہور نے بہت ترقی کی ہے۔انہوں نے موٹرویز، ایئرپورٹس اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے میں انفراسٹرکچر کی تعمیر اہم ہے اور اس میں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کا کردار نمایاں ہے۔معاشرتی ناہمواری اور غربت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے دورہ امریکہ اور کینیڈا کے دوران بھی غربت اور بے گھری کے مسائل دیکھے، جہاں نیویارک کی سڑکوں پر بے گھر افراد انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مسئلے کی ذمہ داری صرف حکومت پر عائد نہیں کی جا سکتی، ریاست اور حکومت کے ساتھ معاشرے کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ضرورت مندوں تک پہنچے۔انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کی مدد کرتے وقت تشہیر اور دکھاوے سے گریز کرنا چاہیے۔ کسی کو کھانا، کپڑے یا مالی مدد دیتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز بنانا مناسب طرزِ عمل نہیں، بلکہ نیکی کا عمل خاموشی اور اخلاص کے ساتھ ہونا چاہیے۔ انہوں نے معاشرے کے مخیر افراد پر زور دیا کہ وہ ضرورت مندوں، پسماندہ اور محروم طبقات کی مدد کریں اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے میں کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ لاہور پاکستان کی تاریخ میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے، مارچ 1940 میں قراردادِ پاکستان اسی شہر میں منظور ہوئی، جس نے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کے حصول کی منزل متعین کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 1947 میں ایک آزاد ملک کی حیثیت سے جنم لیا اور اپنے 79 سالہ سفر میں ایٹمی طاقت بننے سمیت ترقی کے مراحل طے کئے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ان کی خدمات کو بھرپور انداز میں یاد کیا جانا چاہیے اور ملک بھر میں اس حوالے سے تقریبات منعقد کی جانی چاہئیں۔اس موقع پر انہوں نے لاہور پریس کلب کے عہدیداروں اور صحافیوں کا دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا اور انہیں سندھ اور کراچی کی جانب سے محبت کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ صحافی سندھ آئیں، وہاں بھی ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

 

مزید خبریں