وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی کا جہلم میں کھلی کچہری سے خطاب

79

جہلم ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ کراچی کی ایک فیکٹری میں 150 مظلوم افراد کو ز ندہ جلا دیا گیا، عمران خان اور طاہر القادری نے ان کے لیے دھرنا کیوں نہیں دیا‘ زرداری نے مظلوم افراد کے قتل پر آنکھیں کیوں باندھے رکھیں،درحقیقت یہ تمام لوگ ملک کی ترقی کے دشمن ہیں انہیں نواز شریف کھٹکتا ہے، پاکستان کی ترقی کے خلاف سارے مخالفین آج اکھٹے ہیں‘ حکومت کے خلاف تحریک چلانے والوں کو عوام الیکشن میں روند دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم میں کھلی کچہری سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں کرپشن کا راج ہے، سندھ میں وزیروں کے گھر سے5، 5 ارب روپے برآمد ہو رہے ہیں، ان کرپٹ وزیروں کا احتساب کون کرے گا۔عابد شیر علی نے کھلی کچہری کے دوران کرپشن کی شکایت پر لائن سپرنٹنڈنٹ بادشاہ خان کو معطل کر کے مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔