او آئی سی کامسٹیک سیکرٹریٹ میں 3 روزہ بین الاقوامی ایرو سپیس ٹیکنالوجی نمائش و کانفرنس آج 11نومبر )سے شروع ہوگئی ہے
او آئی سی کامسٹیک سیکرٹریٹ میں3روزہ بین الاقوامی ایرو سپیس ٹیکنالوجی نمائش و کانفرنس شروع

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):او آئی سی کامسٹیک سیکرٹریٹ میں 3 روزہ بین الاقوامی ایرو سپیس ٹیکنالوجی نمائش و کانفرنس آج ( 11نومبر )سے شروع ہوگئی ہے جس میں پاکستان سمیت امریکا، آذربائیجان، سوڈان اور دیگر ممالک کے ماہرین، محققین، صنعت کار، سفارت کار اور طلبہ بڑی تعداد میں شریک ہیں۔ 11 تا 13 نومبر تک جاری رہنے والی کانفرنس او آئی سی کامسٹیک، پاکستان ویکیوم سوسائٹی اور پاکستان ایرو سپیس کونسل کے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے۔ نمائش میں تقریباً 18 کمپنیاں، تحقیقی ادارے، سٹارٹ اپس اور انکیوبیشن مراکز اپنی ٹیکنالوجیز اور مصنوعات پیش کر رہے ہیں جن میں ٹروجن، کنیک ٹیک، سپارکو، پاکستان ویکیوم سوسائٹی، ایئر یونیورسٹی، نیکاٹ اور سٹیڈل شامل ہیں۔ کانفرنس میں 20 سے زائد تکنیکی تقاریر اور نشستیں ہوں گی جن میں ایرو سپیس حکمت عملی و صنعتی ترقی، سیٹلائٹ پلیٹ فارمز، نیوی گیشن و مواصلات، انسانی خلائی پرواز، خلائی حیاتیاتی علوم، چاند سے متعلق مشنز، زمین کے مشاہدے، ریموٹ سینسنگ، جغرافیائی مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور ویکیوم ٹیکنالوجی سمیت جدید موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ خلائی اور ایرو سپیس ٹیکنالوجی اب چند ترقی یافتہ ممالک تک محدود نہیں رہی بلکہ مواصلات، موسم کی پیش گوئی، زراعت، پانی کے انتظام، آفات سے نمٹنے اور موسمیاتی نگرانی کیلئے ناگزیر بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی عالمی خلائی معیشت او آئی سی ممالک کیلئے بڑا موقع ہے تاہم خطہ اب بھی بڑی حد تک درآمدی ٹیکنالوجی پر منحصر ہے۔ رکن ممالک کو تحقیق، افرادی قوت، صنعت اور مقامی تکنیکی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری کے ساتھ باہمی مہارت اور وسائل کا تبادلہ بڑھانا ہوگا۔
مہمان خصوصی ایئر مارشل (ر) جاوید احمد، صدر سینٹر فار ایرو سپیس اینڈ سکیورٹی سٹڈیز نے کہا کہ خلائی صلاحیتیں جدید معیشت، مواصلات اور قومی سلامتی کیلئے بنیادی اہمیت اختیار کر چکی ہیں، اس لیے مقامی مہارت، مضبوط انسانی وسائل اور نجی شعبے کی شمولیت بڑھانا ضروری ہے۔ پاکستان ایرو سپیس کونسل کے بانی اور راستگار گروپ کے چیئرمین امتیاز راستگار نے ’’انحصار سے برتری تک‘‘ کے موضوع پر کلیدی خطاب میں بیرونی ٹیکنالوجی پر انحصار کم کرکے مقامی ایرو سپیس صنعت، تحقیق اور مارکیٹ کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے پر زور دیا۔پاکستان ویکیوم سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر جاوید بھٹی نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد سائنسی علم کو عملی ایرو سپیس استعمال سے جوڑنا اور نوجوان انجینئرز، محققین، طلبہ اور صنعت کو ماہرین اور ٹیکنالوجی بنانے والے اداروں سے براہ راست رابطے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں سعودی عرب، اردن، یمن، تھائی لینڈ، مراکش، تیونس، نائیجیریا، روس اور انڈونیشیا سے سفیروں، نائب سربراہانِ مشن اور سفارتی نمائندوں سمیت سائنس دانوں، جامعات، صنعت اور طلبہ نے شرکت کی جس کے بعد نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ نمائش آئندہ دو روز بھی جاری رہے گی، جس میں ایرو سپیس ماہرین، محققین، صنعت سے وابستہ افراد اور طلبہ کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ ماہرین سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، خلائی مواصلات، انسانی خلائی پرواز، خلائی طب و حیاتیاتی علوم، زمین کے مشاہدے، جغرافیائی مصنوعی ذہانت اور جدید ویکیوم ٹیکنالوجیز پر غور کریں گے جبکہ نمائش کنندگان اپنی نئی ٹیکنالوجیز اور مصنوعات پیش کرتے رہیں گے۔ کانفرنس 13 نومبر کو ایرو سپیس نظام میں ویکیوم ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تکنیکی نشستوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔







