ملک میں خام تیل اور گیس کی یومیہ پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ

ملک میں خام تیل اور قدرتی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر بالترتیب ایک اور 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):ملک میں خام تیل اور قدرتی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر بالترتیب ایک اور 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی پی آئی ایس اور انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق 8 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 65 ہزار 231 بیرل ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ ہے۔

پیوستہ ہفتے کے اختتام پر خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 64 ہزار 891 بیرل ریکارڈ کی گئی تھی۔اسی طرح مذکورہ ہفتے کے دوران ملک میں قدرتی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3 ہزار 106 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے۔ پیوستہ ہفتے کے اختتام پر گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3 ہزار 7 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق 8 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 30 ہزار 652 بیرل، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی 11 ہزار 977 بیرل، ماری پٹرولیم کی ایک ہزار 347 بیرل جبکہ پاکستان آئل فیلڈز کی 3 ہزار 869 بیرل ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح مذکورہ ہفتے کے دوران او جی ڈی سی ایل کی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 634 ایم ایم سی ایف ڈی، پی پی ایل کی 587 ایم ایم سی ایف ڈی، ماری پٹرولیم کی 959 ایم ایم سی ایف ڈی جبکہ پی او ایل کی 58 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔