سندھ لیبر ڈیپارٹمنٹ کا سائٹ ایسوسی ایشن میں ”لیبر رجسٹریشن ہیلپ ڈیسک“ قائم کرنے کا اعلان

سندھ لیبر ڈیپارٹمنٹ نے سائٹ صنعتی ایریا کے ورکرز کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے اور صنعتکاروں کو لیبر ڈیپارٹمنٹ سے متعلق سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنے

کراچی۔11نومبر (اے پی پی):سندھ لیبر ڈیپارٹمنٹ نے سائٹ صنعتی ایریا کے ورکرز کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے اور صنعتکاروں کو لیبر ڈیپارٹمنٹ سے متعلق سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں ہر منگل اور جمعرات کو خصوصی ”لیبر رجسٹریشن ہیلپ ڈیسک“ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سائٹ ایسوسی ایشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سیکرٹری لیبر سندھ ساجد جمال ابڑو نے سائٹ ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالہادی کی تجویز پر مذکورہ سہولت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے صنعتکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ رجسٹریشن کے سلسلے میں کوئی افسر رشوت یا رقم کا مطالبہ کرے تو اس کی فوری شکایت کی جائے۔

انہوں نے ایسوسی ایشن کے ارکان کو رجسٹریشن کے لئے ایس باس پلیٹ فارم سے استفادہ کرنے کی بھی دعوت دی۔اجلاس میں کمشنر سیسی، ڈائریکٹر لیبر سندھ، جوائنٹ ڈائریکٹر لیبر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالہادی، سرپرست سلیم پاریکھ، سابق صدر ریاض الدین، سینئر نائب صدر محمد فرحان اشرفی، چیئرمین لیبر کمیٹی خالد ریاض،ایڈوائزر لیبر کمیٹی عبدالقادر بلوانی، احمد عظیم علوی، احمد ذوالفقار چوہدری، محمد حسین موسانی، محمد ریاض ڈیڈھی، محمد طاہر گورایا، محمد رضوان لاکھانی، جنید الرحمان، عظیم موتی والا و دیگر صنعتکاروں نے شرکت کی۔ساجد جمال ابڑو نے کہا کہ سائٹ کے کلثوم بائی ولیکا سوشل سکیورٹی ہسپتال میں طبی سہولتوں اور خدمات کا معیار بہتر بنانے کے لئے سرکاری و نجی اشتراک کے تحت اقدامات جاری ہیں اور جلد ہسپتال کی کارکردگی اور خدمات میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔

انہوں نے صنعتکاروں کو دعوت دی کہ وہ کچھ عرصے بعد دوبارہ ہسپتال کا دورہ کرکے بہتری کا خود جائزہ لیں۔ انہوں نے گزشتہ سال ولیکا ہسپتال میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے میں ذمہ داروں کے خلاف متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری سندھ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جبکہ متاثرہ بچوں اور ان کے خاندانوں کی مالی معاونت کے لئے 2 ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔ متاثرہ بچوں کے خاندانوں کو روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لئے ماہانہ 40 ہزار روپے ادا کئے جا رہے ہیں اور یہ مالی معاونت آئندہ کئی سال تک جاری رہے گی۔قبل ازیں سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالہادی نے سیکرٹری لیبر کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بدولت ایسوسی ایشن کے ممبران کو لیبر ڈپارٹمنٹ سے متعلق درپیش مسائل حل کرنے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار کو آسان بنانے کے لئے محکمے کے ماتحت پانچوں اداروں کو یکجا کرکے مربوط نظام تشکیل دیا جانا چاہئے۔عبدالہادی نے نشاندہی کی کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سال میں ایک مرتبہ معائنے کے بجائے دو مرتبہ معائنے کئے جا رہے ہیں جس سے صنعتکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے سیکرٹری محنت سے کلثوم بائی ولیکا ہسپتال میں اصلاحات اور گزشتہ سال پیش آنے والے ایچ آئی وی کے واقعہ سے متعلق اقدامات پر پیشرفت سے بھی آگاہ کرنے کی درخواست کی۔ایسوسی ایشن کے سرپرست سلیم پاریکھ نے ناموافق کاروباری حالات کے پیش نظر صنعتوں میں بڑے پیمانے پر ملازمتوں کے خاتمے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے صنعتوں کے لئے ایک سال کی کنٹری بیوشن معاف کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارتی معاہدوں اور ورکرز یونینوں کی سرگرمیوں سے بھی صنعتیں متاثر ہو رہی ہیں اس لئے ان مسائل کے حل کے لئے تمام متعلقہ فریقوں کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔سینئر ممبر مجید عزیز نے مزدور رہنماؤں کی بعض سرگرمیوں کو برآمدات کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کو مختلف کمیٹیوں میں نمائندگی بھی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ کسی بھی خلاف ورزی پر فوری جرمانہ عائد کرنے کے بجائے پہلے خامیوں کی نشاندہی کرکے اصلاح کے لئے مناسب مہلت دی جائے اور جرمانے کو آخری اقدام کے طور پر استعمال کیا جائے۔سابق صدر ریاض الدین نے سہ فریقی لیبر کمیٹی کی تشکیل اور نمائندگی کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ کمیٹی میں نمائندگی کا طریقہ مناسب نہیں جبکہ نامزد ارکان کی متعلقہ امور سے واقفیت اور سمجھ بوجھ بھی مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں۔چیئرمین لیبر کمیٹی خالد ریاض نے کہا کہ سیسی کو بھاری رقوم کی مد میں کنٹری بیوشن جمع ہونے کے باوجود ولیکا اسپتال کی طبی سہولتوں کی بہتری پر مناسب رقم خرچ نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے سیکرٹری محنت سے درخواست کی کہ کمشنر سیسی کو ادارے کی آڈٹ رپورٹس صنعتکاروں کے ساتھ شیئر کرنے کی ہدایت کی جائے تاکہ انہیں مالی معاملات اور اخراجات سے آگاہی حاصل ہو۔ایڈوائزر لیبر کمیٹی عبدالقادر بلوانی نے تجویز دی کہ سائٹ کی صنعتوں سے سیسی کو جمع ہونے والی مجموعی کنٹری بیوشن کا 25 فیصد حصہ ولیکا ہسپتال کی بہتری پر خرچ کیا جائے تاکہ ہسپتال میں معیاری طبی سہولتیں فراہم ہوسکیں اور مزید صنعتیں بھی سیسی میں رجسٹریشن کی جانب راغب ہوں اور مزید صنعتیں بھی سیسی میں رجسٹریشن کی جانب راغب ہوں۔