وزیراعظم شہباز شریف کی کوپ 31 میں شرکت کے موقع پر عالمی رہنمائوں سے غیر رسمی ملاقاتیں، دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور موسمیاتی تبدیلی اثرات پر تبادلہ خیال

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ کوپ 31 میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے شرکت کے دوران عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں

انطالیہ۔11نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ کوپ 31 میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے شرکت کے دوران عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی سعودی عرب کے وزیر برائے توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان آل سعود، بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمن اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد سے ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفیٰ سے بھی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ فلسطینی وزیراعظم نے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف عالمی سطح پر موثر انداز میں آواز اٹھانے اور فلسطینی موقف کی تائید پر حکومت اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ کی خاتون اول امینہ ایردوان، شام کے صدر احمد الشرع، سعودی عرب کے وزیرمملکت برائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

خوشگوار ماحول میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں وزیر اعظم اور عالمی رہنمائوں کے مابین دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ملاقاتوں میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ممالک کی مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی اہمیت کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔