بین الاقوامی توانائی ایجنسی(آئی ای اے) نےکہا ہے کہ چین کی صاف توانائی کے شعبے میں ترقی اور سبز صنعتوں میں اس کی برتری مزید ممالک کو کم کاربن معیشت کی جانب منتقلی کے عمل کو آگے بڑھانے میں مدد دے گی
چین کی صاف توانائی کی ترقی عالمی توانائی کی منتقلی میں معاون ہے، بین الاقوامی توانائی ایجنسی

مزید خبریں
پیرس۔16نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی توانائی ایجنسی(آئی ای اے) نےکہا ہے کہ چین کی صاف توانائی کے شعبے میں ترقی اور سبز صنعتوں میں اس کی برتری مزید ممالک کو کم کاربن معیشت کی جانب منتقلی کے عمل کو آگے بڑھانے میں مدد دے گی۔ سی جی ٹی این کے مطابق یہ بات بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاتح بیرول نے گزشتہ روز چائنا میڈیا گروپ کو خصوصی انٹرویو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے تحفظ اور ماحول دوست منتقلی کے درمیان توازن قائم کرنا تمام ممالک کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے۔ چین کی صاف توانائی کے شعبے میں ترقی اور سبز صنعتوں میں اس کی برتری مزید ممالک کو کم کاربن معیشت کی جانب منتقلی کے عمل کو آگے بڑھانے میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں جغرافیائی سیاسی تنازعات شدت اختیار کر رہے ہیں اور مختلف ممالک توانائی کی منتقلی کے عمل کو تیز کر رہے ہیں۔ یہ اقدام نہ صرف موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی ضرورت کے تحت اہم ہے بلکہ اس کا توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی سے بھی گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کی جانب سے ماحول دوست توانائی کی جانب منتقلی کے راستے تلاش کرنے کے دوران چین کی صاف توانائی کی صنعت میں ہونے والی ترقی اور اس شعبے میں حاصل کی گئی کامیابیوں نے ان پر گہرا تاثر چھوڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ صاف توانائی کی ٹیکنالوجی کو وسیع پیمانے پر عملی استعمال میں لانا بھی ایک اہم مسئلہ ہے جسے توانائی کی منتقلی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف ممالک کو حل کرنا ہوگا۔ چین کی صنعتی اور تکنیکی برتری نے بین الاقوامی تعاون کے ذریعے مزید ممالک کے لیے ماحول دوست تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔






