مصنوعی ذہانت سے لیس خودکار ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے استعمال اور ان سے شہری آبادی کو لاحق خطرات کے پیش نظر اقوام متحدہ میں Killer Robots پر قانونی پابندیاں عائد کرنے کے لیے عالمی سطح پر مذاکرات شروع کرنے یا نہ کرنے پر غور کیا جائے گا، جس میں 128 ممالک شرکت کریں گے۔
اقوام متحدہ میں ’’کلِر روبوٹس‘‘ کے استعمال کو ضابطہ کار میں لانے کے لیے مذاکرات پر غور کیا جائے گا

مزید خبریں
جنیوا۔16نومبر (اے پی پی):مصنوعی ذہانت سے لیس خودکار ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے استعمال اور ان سے شہری آبادی کو لاحق خطرات کے پیش نظر اقوام متحدہ میں Killer Robots پر قانونی پابندیاں عائد کرنے کے لیے عالمی سطح پر مذاکرات شروع کرنے یا نہ کرنے پر غور کیا جائے گا، جس میں 128 ممالک شرکت کریں گے۔
بنگلہ دیشی نیو زایجنسی بی ایس ایس کے مطابق بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے ہتھیاروں اور جنگی کارروائیوں سے متعلق یونٹ کے سربراہ لوراں گیزل نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت میں پیش رفت کے باعث خودکار ہتھیاروں کو ضابطہ کار میں لانے کی ضرورت پہلے سے زیادہ فوری ہو گئی ہے۔ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ اس ہفتے جنیوا میں روایتی ہتھیاروں کے کنونشن (سی سی ڈبلیو) کے جائزہ اجلاس میں اگر فیصلہ کن اقدامات نہ کیے گئے تو شہری آبادی کو سنگین خطرات کا سامنا رہے گا۔
اجلاس میں 128 ممالک شرکت کریں گے اور یہ فیصلہ کریں گے کہ آیا خودکار ہتھیاروں کے نظام سے متعلق قانونی طور پر پابند قواعد و ضوابط وضع کرنے کے لیے مذاکرات شروع کیے جائیں یا نہیں۔اگرچہ متعدد ممالک سخت ضوابط کے حق میں ہیں، تاہم جوہری ہتھیاروں سمیت دیگر جدید فوجی ٹیکنالوجیز کی طرح اس شعبے میں بھی ٹیکنالوجی حاصل کرنے والے ممالک اپنے اختیارات محدود کرنے کے خواہاں نہیں ہیں۔گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 163 ممالک نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں خودکار ہتھیاروں کے نظام سے متعلق قواعد و ضوابط پر مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ امریکا، روس، بیلاروس، اسرائیل اور شمالی کوریا سمیت پانچ ممالک نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا، جبکہ ایران، سعودی عرب اور چین سمیت نو ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
فرانسیسی انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کی لور ڈی روسی روشیگونڈے کے مطابق چین نے اس معاملے پر ’’سوچ سمجھ کر اختیار کیا گیا ابہام‘‘ برقرار رکھا ہے۔ شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے مصنوعی ذہانت سے لیس نئے ٹارپیڈو نظام کی تیاری کا بھی دعویٰ کیا تھا۔امریکا نے غیر پابند دستاویز تیار کرنے کے لیے پانچ سالہ عمل کی تجویز دی ہے، جبکہ غیر سرکاری تنظیمیں اور آئی سی آر سی اس مقصد کے لیے ایک سال کی مدت مقرر کرنے کی حمایت کر رہے ہیں۔2023 میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش اور آئی سی آر سی کی صدر مرجانا سپولیارک ایگر نے ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ 2026 سے قبل خودکار ہتھیاروں پر پابندی عائد کریں۔
آئی سی آر سی خودکار ہتھیاروں کی دو اقسام پر پابندی کا مطالبہ کر رہی ہے، جن میں غیر متوقع نتائج کے حامل خودکار ہتھیار اور وہ ہتھیار شامل ہیں جنہیں براہِ راست انسانوں کو نشانہ بنانے کے لیے تیار یا استعمال کیا جاتا ہے۔بین الاقوامی طاقتوں کی مخالفت کے پیش نظر مبصرین کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے قانونی طور پر پابند قواعد و ضوابط کے لیے مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق ہونے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔یاد رہے کہ انسانی حقوق کے کارکنوں سے لے کر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش اور پوپ لیو چہاردہم تک متعدد شخصیات نے مکمل خودکار مشینوں کو زندگی اور موت کے فیصلوں کا اختیار سونپنے کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔






