نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی 2026ء اور 2027ء کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی صدارت کا بنیادی مقصد علاقائی تعاون ، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور وسطی و جنوبی ایشیا کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ہے، پاکستان تنظیم کے چارٹر، خودمختاری کی مساوات، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون …
ای سی او وژن 2035 متعارف، پانچ ترجیحات کا اعلان، پاکستان ای سی او کے پلیٹ فارم سے علاقائی تعاون، تجارت اور روابط کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے،نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس

مزید خبریں
اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی 2026ء اور 2027ء کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی صدارت کا بنیادی مقصد علاقائی تعاون ، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور وسطی و جنوبی ایشیا کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ہے، پاکستان تنظیم کے چارٹر، خودمختاری کی مساوات، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے اصولوں کے لیے پرعزم ہے، ای سی او وژن 2035 متعارف کرا دیا گیا ہے جبکہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران پانچ اہم ترجیحات پر توجہ دے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30 ویں اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ 2026ء اور 2027ء کے لیے تنظیم کی صدارت کی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے، نئے دو سالہ باری کے نظام کے تحت یہ پہلا دور صدارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صدارت کا رہنما اصول ٹیم ورک کے ذریعے علاقائیت کے تصور کو نئی زندگی دینا اور مضبوط و مستحکم اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے، ای سی او کے بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان تنظیم کے چارٹر، خودمختاری کی مساوات، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے اصولوں کے لیے پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے اپنی صدارت کے پہلے سال کے دوران رکن ممالک کے درمیان سیاسی روابط، بہتر رابطہ کاری اور وزارتی و تکنیکی فورمز میں تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کیے ہیں، سال 2026ء کے دوران وزارتی سطح پر ہونے والی نو اہم ملاقاتیں اور اقتصادی تعاون کے سٹریٹجک اہداف 2026ء تا 2035ء کی منظوری علاقائی تعاون کے آئندہ عشرے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او وژن 2025 بھی پاکستان میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب اگلے عشرے کے لیے وژن 2035 بھی پاکستان میں پیش کیا گیا ہے۔نائب وزیراعظم نے اپنی صدارت کی پانچ اہم ترجیحات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پہلی ترجیح منڈیوں تک رسائی میں اضافہ، علاقائی ویلیو چینز کو مضبوط بنانا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، دوسری ترجیح وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور پاکستان کی بحیرہ عرب کی بندرگاہوں کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانا ہے، جس کے لیے کسٹمز کے مربوط طریقہ کار اور قابل اعتماد ٹرانزٹ انتظامات کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تیسری ترجیح ای سی او تجارتی معاہدے (ای سی او ٹی اے) کی مذاکراتی حکمت عملی اور روڈ میپ پر عمل درآمد ہے جبکہ چوتھی ترجیح آفات سے نمٹنے کی تیاری، آبی وسائل کے انتظام، توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے شعبوں میں علاقائی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
پانچویں ترجیح کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تحقیق، جدت، فنی تربیت، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ان ترجیحات پر پیش رفت کے لیے خطے میں امن و استحکام ضروری ہے، علاقائی روابط صرف سڑکوں اور تجارتی راستوں تک محدود نہیں بلکہ بین الاقوامی قانون، معاہدوں کے احترام اور تنازعات کے پرامن حل سے بھی جڑے ہیں، پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے کشیدگی میں کمی اور پائیدار امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کی صدارت کے دوران کثیرالجہتی نظام اور تنازعات کے پرامن حل کے موضوع کو اہمیت دی گئی۔ انہوں نے قرارداد 2078 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسے سلامتی کونسل کے تمام 15 ارکان نے متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔ ان کے مطابق بعد ازاں کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان تنازع کے دوران بھی اس قرارداد کے مندرجات کا حوالہ دیا گیا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ای سی او ک اسٹریٹجک اہداف 2026ء تا 2035ء کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا جس میں واضح ذمہ داریاں، قابل عمل ٹائم لائنز اور قابل پیمائش اشاریے شامل ہوں گے۔
انہوں نے 2025ء میں ای سی او کی صدارت کے دوران ازبکستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کونسل کے 30 ویں اجلاس کی میزبانی کی جبکہ ایران 3 اور 4 دسمبر 2026ء کو تنظیم کے 18 ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا، پاکستان 2027ء میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 31 ویں اجلاس اور 19 ویں سربراہی اجلاس کے لیے رکن ممالک کا دوبارہ خیرمقدم کرنے کا منتظر ہے۔اسحاق ڈار نے ای سی او اجلاس کے موقع پر اپنی دوطرفہ ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اتوار کو مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے سیکرٹری جنرلز سے ملاقاتیں کیں جن میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور ایشیا میں باہمی روابط اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق کانفرنس (سیکا) کے سیکرٹری جنرلز بھی شامل تھے۔ انہوں نے ای سی او سیکرٹریٹ اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان کی اجلاس کے انعقاد میں معاونت کو بھی سراہا۔ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی کوششوں سے متعلق سوال کے جواب میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی کوششیں ترک نہیں کیں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے ذریعے معاملات کے حل کی امید رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے صدور نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اس کے گواہ تھے، سات روزہ منصوبے کے بعد سامنے آنے والی دو روزہ فاسٹ ٹریک تجویز بھی اسی مفاہمتی یادداشت کا نتیجہ تھی جس کا مقصد اعتماد سازی کے اقدامات اور مذاکراتی عمل کو تیز کرنا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بہترین نتائج کے لیے پرامید ہے اور سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ای سی او تجارتی معاہدہ نافذ العمل ہو جاتا ہے تو ایران پر امریکی پابندیوں کے تناظر میں بین الاقوامی قوانین پر عمل کیا جائے گا، پابندیاں ختم ہونے کی صورت میں ایران بھی علاقائی تجارت اور اقتصادی تعاون میں اہم کردار ادا کر سکے گا۔پاکستان،ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان تین ملکی مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت انفرادی اور اجتماعی دفاع کے اصول پر مبنی ہے اور اس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت کسی ایک رکن ملک پر حملے کو تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، معاہدے پر 7 اگست کو دستخط کیے گئے تھے ، ابتدائی اجلاس میں سیکرٹری جنرل کی تعیناتی سمیت دیگر امور پر فیصلے کیے گئے، تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نیویارک جبکہ آرمی چیفس ریاض میں ملاقات کر چکے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اس اتحاد کا دائرہ کار صرف تین ممالک تک محدود رکھنے کا ارادہ نہیں، انتظامی اور ادارہ جاتی ڈھانچے کی تکمیل کے بعد ان ممالک کی شمولیت پر غور کیا جائے گا جو اس کے بنیادی اصولوں سے اتفاق رکھتے ہوں۔افغانستان سے متعلق سوال کے جواب میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کے عوام یا عام شہریوں سے کوئی مسئلہ نہیں بلکہ اس کی تشویش دہشت گرد تنظیموں اور ان کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر کیے جانے والے حملوں سے متعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ سال افغانستان کے ساتھ مذاکرات اور رابطوں کے ذریعے تجارت، معیشت، مہاجرین اور سیاسی امور پر بات چیت کی، پاکستان کا بنیادی مطالبہ یہی رہا ہے کہ افغان سرزمین کسی بھی ہمسایہ ملک بالخصوص پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے اس معاملے کے حل کے لیے متعدد کوششیں کیں جبکہ سعودی عرب اور چین نے بھی اپنا کردار ادا کیا تاہم خاطرخواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ان کے مطابق مسئلے کا مستقل حل اسی وقت ممکن ہے جب افغان حکام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ٹھوس، موثر اور قابل تصدیق اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان دہشت گرد عناصر کے خلاف عملی کارروائی کرتا ہے تو پاکستان اس کے ساتھ تعاون، حمایت اور مدد کے لیے تیار ہے، پاکستان افغانستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کا مسئلہ صرف دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیمیں ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ کوئی مذہب بے گناہ انسانوں کے قتل یا انہیں نقصان پہنچانے کی تعلیم نہیں دیتا، خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب یا قوم سے ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تجارت، علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کا خواہاں ہے تاہم اس کے لیے دہشت گردی کے مسئلے کا حل ضروری ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران میں آئندہ ماہ ای سی او سمٹ کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہیں، ای سی او وزراء کونسل کے 30 ویں اجلاس میں شرکت پر رکن ممالک کے وفود کا شکریہ ادا کرتے ہیں،ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ تمام امور پر مفید بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق پاکستان کا موقف واضح ہے، پاکستان نے افغانستان کی نئی رجیم کو تسلیم نہیں کیا، افغانستان کی رکنیت ای سی او سیکرٹریٹ نے معطل کر رکھی ہے،ای سی او کانفرنس میں افغانستان کا سابق جمہوری دور کا جھنڈا لگایا گیا،گزشتہ سال دورہ کابل میں تمام امور پر سیر حاصل گفتگو ہوئی،پاک افغان بارڈر بند ہونے کے باوجود انسانی بنیادوں پر کنٹینرز افغانستان بھیجنے کی اجازت دی،افغانستان کی ممبر شپ معطل ہے، پاکستان افغانستان کی عبوری حکومت تسلیم نہیں کرتا،ہم مستحکم اور خوشحال افغانستان کے حامی ہیں لیکن دراندازی کا سلسلہ جاری ہے،فغانستان اگر ایک قدم آگے بڑھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں،ہم کب تک شہیدوں کے جنازے اٹھاتے رہیں گے؟ اس موقع پر ای سی او کے وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس کے دوران میڈیا کوریج کیلئے شاندار انتظامات کو بھی سراہا۔







