وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدات پیر کے روز خصوصی اجلاس میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے فیصلہ کن قانونی اقدامات پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے
وزیراعلی پنجاب کی زیرصدات اجلاس ، عورتوں اور بچوں سے زیادتی پر موثر اور یقینی کارروائی کیلئے نیا اینٹی ریپ ایکٹ لانے کا حکم

مزید خبریں
لاہور۔16نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدات پیر کے روز خصوصی اجلاس میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے فیصلہ کن قانونی اقدامات پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے عورتوں اور بچوں سے زیادتی پر موثر اور یقینی کارروائی کیلئے نیا اینٹی ریپ ایکٹ لانے کا حکم دیا۔
اجلاس میں بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات کی فوری سماعت کیلئے سپیڈی کو رٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات کا مقررہ مدت میں فیصلہ کرنا ضروری قرار دیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کیخلاف جرائم میں سزا کی شرح پر تشویش کا اظہار کیا اور موثر انویسٹی گیشن کیلئے پولیس افسروں کی کیپسٹی بلڈنگ کی ہدایت کی۔ اجلاس میں کوالٹی آف انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن میں بہتری کے لئے اے آئی کی معاونت پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر بچوں اور خواتین کے کیسز میں آڈیو وڈیو شہادتوں کی موثر ریکارڈنگ کافیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات کے پیشگی سدباب کے لئے بھی اقدامات کا حکم دیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کو اجلاس میں آئی جی پولیس نے خواتین اور بچوں کیخلاف جرائم اورحکومتی اقدامات پر تفصیلی رپورٹ میں بتایا کہ صوبہ بھرمیں ویمن ہیلپ ڈیسک،ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن،ورچوئل چائلڈ سیفٹی اور موبائل پولیس اسٹیشن کام کررہے ہیں۔
پولیس اسٹیشن پر خواتین سے متعلق 1.24ملین شکایات درج کی گئیں۔ویمن ورچوئل پولیس اسٹیشن پر تقریبا سوا لاکھ شکایات درج،92فیصد پر کارروائی مکمل کر لی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورچوئل سنٹر برائے چائلڈ سیفٹی پر درج شکایات پر70ہزار گمشدہ/اغوا کردہ بچے برآمد کر لئے گئے۔ورجوئل سنٹر برائے چائلڈ سیفٹی کے ذریعے 4ہزار سپیشل بچوں کو واپس گھروں کو پہنچایا گیا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بچوں سے زیادتی کے 7588کیسز حل کر لئے گئے۔بچوں اور خواتین سے زیادتی کے 71فیصد واقعات میں قریبی لوگ ملوث پائے گئے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے سرگودھا میں جرائم پیشہ افراد کے گینگ کے خاتمے پر اظہارتشکرکیا اور آئی جی،آر پی او،ڈی پی او سرگودھا اور سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش دی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا کے لئے موثر قانون سازی کی جائے گی۔خواتین اور بچے معاشرے کا حساس طبقہ ہیں،حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔
خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے واقعات کے سدباب کے لئے سماجی اور معاشرتی شعور و آگاہی ضروری ہے۔ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے واقعات رپورٹ ناگزیرہے۔خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے مقدمات پر سزا یقینی بنانے کے لئے سپیشلائزڈ انویسٹی گیشن ضروری ہے۔







