کیوبا کا سماجی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس مراعات کا اعلان

کیوبا کی حکومت نے نجی اور سرکاری کمپنیوں کو سماجی شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لیے ٹیکس مراعات کا اعلان کر دیا

ہوانا۔17نومبر (اے پی پی):کیوبا کی حکومت نے نجی اور سرکاری کمپنیوں کو سماجی شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لیے ٹیکس مراعات کا اعلان کر دیا۔ شنہوا کے مطابق کیوبا کی وزارت برائے فنانس اینڈ پرائسز نے بتایا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد سماجی منصوبوں کے لیے اضافی مالی وسائل فراہم کرنا ہے۔ وزیرِ برائے فنانس اینڈ پرائسز ولادیمیر ریگویرو نے گزشتہ روز سرکاری ٹیلی ویژن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مراعات کا بنیادی مقصد منافع اور ذاتی آمدنی پر عائد ٹیکسوں میں کمی کرنا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سرکاری بجٹ پر مالی دبائو اور اخراجات کی محدود گنجائش کے باعث سماجی منصوبوں کے لیے کاروباری شعبے سے اضافی وسائل حاصل کرنا ضروری ہے۔ گزشتہ روز سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والی قرارداد نمبر 208 کے تحت فوری طور پر نافذ ہونے والے نئے اقدامات کی تفصیلات درج ذیل ہیں، جو ادارے سکولوں، پولی کلینکس، نرسنگ ہومز، ثقافتی مراکز اور کھیلوں کی سہولیات کی تعمیر، تزئین و آرائش یا ضروری سامان کی فراہمی میں سرمایہ کاری کریں گے انہیں اپنی سرمایہ کاری پر 20 فیصد تک ٹیکس میں چھوٹ دی جائے گی۔ یہ سہولت زیادہ سے زیادہ پانچ سال تک حاصل کی جا سکے گی،جو کمپنیاں سماجی مقاصد کے لیے سرکاری اداروں کو نقد رقم یا جائیداد عطیہ کریں گی، انہیں عطیے کی مالیت کے برابر ٹیکس میں10 فیصد رعایت ملے گی، ایسے کاروباری ادارے جو اپنی مجموعی آمدنی کا کم از کم 50 فیصد سماجی خدمات سے حاصل کرتے ہیں، انہیں کاروبار کے ابتدائی پانچ سال کے دوران منافع پر کم شرح سے ٹیکس ادا کرنا ہوگا،اس کے علاوہ ضروری درآمدی اشیاء پر کسٹم ڈیوٹی سے بھی چھوٹ دی جائے گی۔ یہ نیا مالیاتی اقدام ان 176 معاشی اور سماجی اصلاحات کا حصہ ہے جن کی منظوری جون میں کیوبا کی قومی اسمبلی نے دی تھی۔ حکومت کا مقصد ان اصلاحات کے ذریعے کیوبا کی معیشت کو بحال اور مستحکم کرنا ہے۔ یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب کیوبا کو چھ دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری امریکی معاشی، تجارتی اور مالی پابندیوں کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔