امریکی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی اس پالیسی کو کالعدم قرار دے دیا جس کے تحت غیر ملکی طلبہ اور صحافیوں کے لیے ملک میں تعلیم حاصل کرنے یا کام کرنے کی مدت پر مزید سخت پابندیاں عائد کی جانی تھیں۔ اے ایف پی کے مطابق ضلعی عدالت کے جج ڈینس سیلر نے مقدمہ خارج کرنے کے اپنے تحریری حکم میں کہا کہ یہ پالیسی ’من مانے فیصلے، غیر معقول …
غیرملکی طلبہ اور صحافیوں کے قیام کی مدت محدود کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے، امریکی عدالت

مزید خبریں
نیویارک ۔17نومبر (اے پی پی):امریکی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی اس پالیسی کو کالعدم قرار دے دیا جس کے تحت غیر ملکی طلبہ اور صحافیوں کے لیے ملک میں تعلیم حاصل کرنے یا کام کرنے کی مدت پر مزید سخت پابندیاں عائد کی جانی تھیں۔ اے ایف پی کے مطابق ضلعی عدالت کے جج ڈینس سیلر نے مقدمہ خارج کرنے کے اپنے تحریری حکم میں کہا کہ یہ پالیسی ’من مانے فیصلے، غیر معقول طرزِ عمل، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر حوالوں سے قانون کے منافی ہے۔
ویزے کے یہ نئے ضوابط ستمبر میں نافذ العمل ہونے والے تھے تاہم جج سیلر نے عارضی طور پر اِن پر عمل درآمد روک دیا تھا۔ ٹرمپ انتظامیہ اِس فیصلے کے خلاف پہلے ہی اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کر چکی ہے۔عدالت کا یہ فیصلہ ایک ایسے مقدمے کے نتیجے میں سامنے آیا ہے جس میں ویزا پابندیوں کو چیلنج کیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ جامعات، اساتذہ اور صحافیوں کی نمائندگی کرنے والی مختلف تنظیموں کے اتحاد نے محکمۂ داخلی سلامتی (ڈی ایچ ایس)کے خلاف دائر کیا تھا۔اپنے حکم میں جج سیلر نے بنیادی طور پر اِس بات کا جائزہ لیا کہ ویزے کی نئی پالیسی بین الاقوامی طلبہ کو کس طرح متاثر کرتی ہے ۔
جج نے کہا کہ صاف الفاظ میں کہا جائے تو محکمۂ داخلی سلامتی دراصل اِسی سرگرمی کی روک تھام یا حوصلہ شکنی کرنا چاہتا ہے جس کی اجازت اور اسے فروغ کے لیے کانگریس نے اقدامات کیے تھے، یعنی غیر ملکی طلبہ کو ملک میں تعلیمی مواقع فراہم کرنا۔انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے نتیجے میں غیر ملکی طلبہ طویل دورانیے کے تعلیمی پروگراموں میں داخلہ نہیں لے سکیں گے مثلاً پی ایچ ڈی کے وہ پروگرام جن کے لیے کئی سال درکار ہوتے ہیں۔ اِس کے علاوہ انہیں مشترکہ ڈگریاں حاصل کرنے اور اپنا تعلیمی شعبہ تبدیل کرنے سے بھی روک دیا جائے گا۔







