اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت (یونیسکو) کی ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ماڈلز موسمیاتی سائنس سے متعلق تقریباً 90 فیصد سوالات کے درست جوابات دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم صارفین کی جانب سے ان کے جوابات کو چیلنج کیے جانے پر یہ اکثر مستند سائنسی حقائق سے انحراف کرتے ہوئے صارفین کے مؤقف کی تائید کرنے …
مصنوعی ذہانت کے ماڈلز موسمیاتی حقائق پر صارفین سے اختلاف کرنے کے بجائے ان کی تائید کرتے ہیں، یونیسکو

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔17نومبر (اے پی پی):** اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت (یونیسکو) کی ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ماڈلز موسمیاتی سائنس سے متعلق تقریباً 90 فیصد سوالات کے درست جوابات دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم صارفین کی جانب سے ان کے جوابات کو چیلنج کیے جانے پر یہ اکثر مستند سائنسی حقائق سے انحراف کرتے ہوئے صارفین کے مؤقف کی تائید کرنے لگتے ہیں۔
شِنہوا کے مطابق جاری ہونے والی رپورٹ میں 15 بڑے لارج لینگویج ماڈلز (ایل ایل ایمز) کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ یہ ماڈلز موسمیاتی سائنس سے متعلق غیر جانب دار سوالات کے عموماً درست جوابات دیتے ہیں، تاہم جب محققین ان کے جوابات پر اعتراض کرتے یا بظاہر قابلِ قبول لیکن غلط دعوے پیش کرتے ہیں تو یہ اپنے سابقہ مؤقف سے تیزی سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔رپورٹ میں صارفین کے مؤقف سے غیر ضروری اتفاق کرنے کے اس رجحان کو ’’سائیکوفینسی‘‘ قرار دیا گیا ہے، جس کی ایک وجہ ایسے تربیتی طریقہ کار کو بتایا گیا ہے جو مؤدبانہ، غیر متنازع اور صارف کی تائید پر مبنی جوابات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ مصنوعی ذہانت کے ماڈلز پہلے سے موجود سائنسی معلومات یاد رکھنے اور پیش کرنے میں بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں، تاہم نئے سائنسی شواہد کا تجزیہ کرنے کی ان کی صلاحیت محدود ہے۔ مختلف زبانوں میں بھی ان کی کارکردگی میں نمایاں فرق پایا گیا۔رپورٹ کی شریک مصنفہ ماریا پیریز اورٹیز نے کہا کہ صارفین کو خاص طور پر اس وقت محتاط رہنا چاہیے جب وہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مستند سائنسی معلومات کے بجائے اس سوال کی جانب بڑھتے ہیں کہ اس حوالے سے کیا اقدامات کیے جانے چاہئیں۔







