سعودی عرب نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نمائندگی میں تیونس میں مختلف رضاکارانہ طبی منصوبوں کا افتتاح کردیا۔العربیہ کے مطابق ان منصوبوں میں سرفہرست چارلس نکول یونیورسٹی ہسپتال کا گردوں کا مرکز ہے جس میں گردوں کے ڈائیلاسز کی 10 جدید مشینیں اور 10 بستر شامل ہیں۔ اس کے ساتھ پانی کو صاف کرنے اور قابلِ استعمال بنانے کا ایک پلانٹ بھی لگایا گیا ہے …
سعودی عرب نے تیونس میں مختلف طبی منصوبوں کا افتتاح کر دیا

مزید خبریں
ریاض ۔17نومبر (اے پی پی):سعودی عرب نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نمائندگی میں تیونس میں مختلف رضاکارانہ طبی منصوبوں کا افتتاح کردیا۔العربیہ کے مطابق ان منصوبوں میں سرفہرست چارلس نکول یونیورسٹی ہسپتال کا گردوں کا مرکز ہے جس میں گردوں کے ڈائیلاسز کی 10 جدید مشینیں اور 10 بستر شامل ہیں۔ اس کے ساتھ پانی کو صاف کرنے اور قابلِ استعمال بنانے کا ایک پلانٹ بھی لگایا گیا ہے جس کی سالانہ آپریشنل گنجائش 15 ہزار ڈائیلاسز سیشنز تک ہے۔
العربیہ کے مطابق انہی منصوبوں میں 50 مقامی طبی عملے کے افراد کو جدید ڈائیلاسز مشینوں کے استعمال کی تربیت دینے کا ایک خصوصی پروگرام اور قرنیہ کی پیوند کاری کے لیے سعودی رضاکارانہ پروگرام ’’ مبصرون‘‘ بھی شامل ہے جس کے تحت 20 خصوصی آپریشن کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کا آغاز ابتدا میں تیونس سے ہو رہا ہے تاکہ بعد کے مراحل میں دیگر ممالک کو بھی اس میں شامل کیا جا سکے۔اس کے علاوہ رگوں کی سرجری کا رضاکارانہ طبی منصوبہ ہے جس سے 50 افراد مستفید ہوں گے۔
الرابطہ ہسپتال میں بچوں کے دل کی سرجری اور کیتھیٹرائزیشن کا رضاکارانہ طبی منصوبہ ہے جس سے سعودی رضاکارانہ پروگرام نبض کے تحت 50 بچے مستفید ہوں گے۔ بچوں میں کوکلیئر امپلانٹ (آلہ سماعت کی پیوند کاری) اور قوتِ سماعت کی بحالی کا "سعودی رضاکارانہ پروگرام سمع” ہے جس سے 40 بچے مستفید ہوں گے اور ان کی بحالی کے ساتھ ساتھ ان کے 80 والدین اور اہلِ خانہ کو بھی تربیت دی جائے گی۔خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کا عمومی رضاکارانہ منصوبہ بھی شامل ہے جس کے ثمرات براہِ راست 20 افراد اور بالواسطہ طور پر 120 افراد تک پہنچیں گے۔
دوسری جانب شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے نگرانِ اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ سعودی عرب نے اپنے قیام کے روزِ اول سے ہی انسان کو اپنے مشن کے مرکز میں رکھا ہے چنانچہ خادمِ حرمین شریفین کے فیاضانہ اقدام اور سعودی ولی عہد کی بھرپور نگرانی میں اس مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ یہ پیغام 362 شراکت داروں کے تعاون سے 8 ارب 644 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ مالیت کے 4,530 منصوبوں کے ذریعے 113 ممالک تک پہنچایا جا سکے۔
اسی تناظر میں سعودی نائب وزیرِ خارجہ انجینئر ولید الخریجی نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی ہمدردی کے کام مملکت کی خارجہ پالیسی کا ایک بنیادی ستون ہیں، جو 547 ارب ریال سے زیادہ کی امداد فراہم کر کے دنیا کے سب سے بڑے امداد دینے والے ممالک میں شامل ہو چکی ہے جس سے 175 ممالک مستفید ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان منصوبوں کا افتتاح وزارتِ خارجہ اور مرکز کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی توثیق اور تیونس کے اداروں کے ساتھ اس شراکت داری کی عملی تصویر ہے جس پر ہمیں فخر ہے تاکہ انسان اپنی زندگی میں اس کے اثرات محسوس کر سکے۔







