فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات، دفاعی و سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
راولپنڈی۔17نومبر (اے پی پی):فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و فوجی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانوی وفد کی جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مہمان شخصیت کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوجی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اعلیٰ آپریشنل تیاریوں کو سراہا جبکہ علاقائی امن و استحکام کے قیام کے لیے پاک افواج کی گراں قدر خدمات کا بھی اعتراف کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل سٹاف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری اور فوجی تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔







