وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اسلام آباد میں سموگ کی روک تھام اور فضائی آلودگی میں کمی کے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا
وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت اجلاس،اسلام آباد میں فٹنس اور ایمیشن ٹیسٹنگ کے بغیر گاڑیوں کا داخلہ بند کرنے کا فیصلہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اسلام آباد میں سموگ کی روک تھام اور فضائی آلودگی میں کمی کے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ فٹنس اور ایمیشن ٹیسٹنگ کے بغیر گاڑیوں کا وفاقی دارالحکومت میں داخلہ بند کیا جائے گا جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔اجلاس کے دوران اسلام آباد میں سموگ کی موجودہ صورتحال، ایئر کوالٹی انڈیکس اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال اکتوبر اور نومبر میں اسلام آباد کا ایئر کوالٹی انڈیکس گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بہتر رہا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اسلام آباد میں انسداد سموگ کے اقدامات اور ان پر عملدرآمد کے پورے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے اور سموگ کی روک تھام کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کھلے عام آگ لگانے اور سموگ کا باعث بننے والی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔ وزیرمملکت نے واضح کیا کہ دھواں چھوڑنے والے بھٹوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سمیت کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔طلال چوہدری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سموگ کے تدارک اور فضائی معیار میں بہتری کے لیے شہریوں کا تعاون انتہائی اہم ہے اور عوام کو اس سلسلے میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز جنرل و ریونیو، ایس ایس پی آپریشنز، چیف ٹریفک آفیسر، ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی، ڈائریکٹر ایکسائز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔







