اسلام آباد کے شہریوں کے لیے جائیداد اور اراضی کے ڈیجیٹل ریکارڈ کی سہولت ’’پاک ایپ‘‘ متعارف کر دی گئی ہے
اسلام آباد ، جائیداد اور اراضی کے ڈیجیٹل ریکارڈ کی سہولت ’’پاک ایپ‘‘ متعارف

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):اسلام آباد کے شہریوں کے لیے جائیداد اور اراضی کے ڈیجیٹل ریکارڈ کی سہولت ’’پاک ایپ‘‘ متعارف کر دی گئی ہے۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ایڈمنسٹریشن کے اشتراک سے متعارف کرائی گئی اس سہولت کے تحت شہری اب سرکاری دفاتر کے چکر لگائے بغیر متعدد ریونیو سروسز آن لائن حاصل کر سکیں گے۔جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ’پاک ایپ‘ کے ذریعے اسلام آباد میں اراضی و جائیداد سے متعلق فرد کا اجرا، مختار نامہ، ہبہ نامہ، ای رجسٹریشن اور دیگر اہم ریونیو سروسز دستیاب ہوں گی۔
اس اقدام کا مقصد سمارٹ گورننس اور ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت عوامی خدمات کی فراہمی میں شفافیت لانا اور شہریوں کے وقت کی بچت کرنا ہے۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان جدید سرکاری سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لیے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پلیٹ فارمز سے آج ہی ’پاک ایپ‘ ڈائون لوڈ کریں تاکہ گھر بیٹھے ان خدمات سے بروقت استفادہ کیا جا سکے۔







