نیشنل پریس کلب کی ایچ آر سی پی کی نومنتخب قیادت اور کونسل اراکین کو مبارکباد

نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، فنانس سیکرٹری عابد عباسی اور گورننگ باڈی کے اراکین نے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے 2026 ءکے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب چیئرمین ناصر زیدی، شریک چیئرپرسن منیزے جہانگیر سمیت صوبائی و علاقائی نائب چیئرمینز اور کونسل کے تمام منتخب اراکین کو دلی مبارکباد پیش کی ہے

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، فنانس سیکرٹری عابد عباسی اور گورننگ باڈی کے اراکین نے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے 2026 ءکے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب چیئرمین ناصر زیدی، شریک چیئرپرسن منیزے جہانگیر سمیت صوبائی و علاقائی نائب چیئرمینز اور کونسل کے تمام منتخب اراکین کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں نیشنل پریس کلب کی قیادت نے کہا کہ ناصر زیدی، منیزے جہانگیر سمیت دیگر نامور انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کا نئی کونسل کے لئے منتخب ہونا ادارے پر ان کے اعتماد، طویل جدوجہد اور انسانی حقوق کے لئے گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت اپنی صلاحیتوں، تجربے اور پیشہ وارانہ وابستگی کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ، شہری آزادیوں کے فروغ، جمہوری اقدار کے استحکام اور قانون کی حکمرانی کے لئے اپنی جدوجہد کو مزید مؤثر بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں انسانی حقوق کے تحفظ، آزادی اظہار رائے، صحافیوں کے حقوق، اقلیتوں کے تحفظ اور معاشرے کے کمزور طبقات کو انصاف کی فراہمی کے لئے ایچ آر سی پی جیسے آزاد اور مؤثر اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ نیشنل پریس کلب کو امید ہے کہ نئی قیادت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی، مظلوم طبقات کی آواز بلند کرنے اور بنیادی انسانی آزادیوں کے تحفظ کے لئے اپنی بھرپور ذمہ داریاں ادا کرے گی۔نیشنل پریس کلب کی قیادت نے ایچ آر سی پی کی نومنتخب قیادت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ ایچ آر سی پی اور صحافتی برادری کے درمیان باہمی تعاون اور روابط کو مزید فروغ ملے گا اور انسانی حقوق و آزادی صحافت کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے مل کر کام کیا جائے گا۔